’صوبہ چاہیے تو آؤ اس بل کی حمایت کرو‘, وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کے ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ جنوبی پنجاب صوبہ چاہتے ہیں تو حکوت کے مجوزہ قانون کی حمایت کریں۔
جہاں ایک طرف اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کرانے کے لیے حکومت کے اراکین اور اتحادیوں کی مدد مانگ رہی ہے اور سپیکر کو جابندار قرار دے رہی ہے وہیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعے کو جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق بل پر اپوزیشن سے مدد طلب کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے متعلق بل کابینہ کے ممبران کو بھیجا گیا ہے۔ ’28 تاریخ کو جنوبی پنجاب کا آئینی بل لایا جا رہا ہے جو جنوبی پنجاب کے لوگوں کے لیے خوش آئند ہے۔‘
ان کے مطابق ملتان میں سیکریٹریٹ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ’یوسف رضا گیلانی نے کہا ہمیں سیکریٹریٹ نہیں صوبہ چاہیے۔ میں یوسف رضا گیلانی کو کہتا ہوں کہ اگر آپ کو صوبہ چاہیے تو آؤ اس بل کی حمایت کرو اور اس کے بل پر ووٹ دو۔‘
انھوں نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے باوجود اس موضوع پر بات نہیں کی اور اپنی گفتگو کو اس بِل پر مرکوز رکھا۔







