اطالوی پولیس نے ارب پتی روسی ’اولیگارک‘ کی پرتعیش کشتیاں قبضے میں لے لیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اطالوی پولیس نے جمعہ کے روز ایک چھاپے میں روس کے دو امیر ترین اولیگارک (ارب پتی روسی اور پوتن کے قریبی ساتھی) سے تعلق رکھنے والی کشتیاں قبضے میں لے لیں ہیں۔
حکام نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ شمالی بندرگاہ امپیریا میں صدر ولادیمیر پوتن کے قریبی ساتھی اور ارب پتی روسی الیکسی مورداشوف کی ملکیتی 213 فٹ (65 میٹر) اور 27 ملین ڈالر مالیت کی کشتی قبضے میں لے لی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پوتن سے قریبی تعلقات رکھنے والے ایک اور اولیگارک گینادی تمچینکو کی ملکیت والی ایک اور کشتی امپیریا میں ضبط کر لی گئی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق مورداشوف کی دولت کا تخمینہ 29 بلین ڈالر ہے اور انھوں نے یہ دولت روسی سٹیل پروڈیوسر سیورسٹال کے کاروبار سے بنائی ہے، جبکہ تمچینکو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ تقریباً 17 بلین ڈالر کے اثاثے رکھتے ہیں اور انھوں نے تیل کی تجارت سے یہ دولت کمائی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد مغربی ممالک نے روسی بینکوں اور ایسے اہم افراد پر پابندیاں لگا دی ہیں جنھیں مغربی ذرائع ابلاغ میں پوتن کے ’قریبی ساتھی‘ کہا جاتا ہے۔
یہ دونوں ان 680 افراد اور 53 کمپنیوں میں شامل تھے جن پر پیر کو یورپی یونین نے پابندیاں عائد کی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’اولیگارک‘ کون ہیں اور صدر پوتن کا ان سے کیا تعلق ہے؟
اولیگارک، اس لفظ کی ایک طویل تاریخ ہے لیکن موجودہ دور میں اس کا ایک مخصوص معنی سامنے آیا ہے۔
روایتی طور پر ایک اولیگارک کسی ’اولیگارکی‘ کا رُکن یا حامی ہوتا ہے۔ اولیگارکی ایسے سیاسی نظام کو کہا جاتا ہے جہاں چند افراد کا گروہ کسی ملک پر راج کرتا ہے۔
لیکن اب عام طور پر اس سے مراد وہ انتہائی امیر روسی شخصیات لی جاتی ہیں جو 1991 میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد اُبھر کر سامنے آئیں۔
اولیگارک کا لفظ دو یونانی الفاظ ’اولیگوئی‘ اور ’آرخین‘ سے مل کر بنا ہے۔ اولیگوئی کا مطلب ہے ’چند‘ جبکہ آرخرین کا مطلب ’حکومت کرنا‘ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اولیگارک کا تعلق حکمران طبقے سے ہو سکتا ہے جو اپنے رتبے، برادری، زبان اور اقتصادی برتری کے سبب باقی معاشرے سے علیحدہ اور برتر سمجھے جاتے ہیں۔
اس طرح کی دولت مند شخصیات اپنے ہی مفادات کے لیے حکومت میں آتی ہیں۔
موجودہ دور میں اولیگارک وہ انتہائی دولت مند افراد ہیں جو حکومت کے ساتھ مل کر کاروبار کرتے ہیں اور پیسہ کماتے ہیں۔مزید پڑھیے >>
















