’پیغام ملا کہ آئی ایس آئی کے کوئی صاحب چیمبر میں ملنا چاہتے ہیں‘، انسداد دہشتگردی کے جج کے مراسلے پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کا احوال
لاہور ہائیکورٹ نے سرگودھا کے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے ایک جج کی طرف سے موصول ہونے والے مراسلے پر جمعرات کو از خود نوٹس پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوط کر لیا ہے۔ جج محمد عباس کی طرف سے ان رپورٹس کے چند مندرجات لاہور ہائیکورٹ نے اپنے تحریری حکمانامے میں بھی درج کیے ہیں۔
خلاصہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب رمدے نے وفاقی حکومت کا مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جون سہ پہر 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹیڈ بائی معاہدے سے ملک میں معاشی استحکام آیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے بڑے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرے گی اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو اس سلسلے میں سب سے پہلے آؤٹ سورس کیا جائے گا۔
رواں مالی سال کے بجٹ کی تمام دستاویزات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پہلے قومی اسمبلی میں پیش کریں گے جس کے بعد ایوان بالا یعنی سینٹ کے سامنے بجٹ پیش کیا جائے گا۔
لائیو کوریج
عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف درخواستوں کا تحریری حکمنامہ جاری, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف درخواستوں کا تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری کر دیا ہے جس کے مطابق صحافیوں کو عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت سے جاری حکمنامہے کے مطابق ’میڈیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی گائیڈ لائنز کے مطابق رپورٹنگ کرسکتا ہے۔ ‘
عدالت کے حکم نامے کے مطابق پیمرا کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی گئی ہے اور کیس جولائی کے پہلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ، پریس ایسوسی ایشن اور پی ایف یو جے نے پیمرا نوٹیفکیشن چیلنج کررکھا ہے۔
بریکنگ, عمران ریاض خان کو رات گئے ایئر پورٹ سے حراست میں لیے جانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج, ترہب اصغر، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
،تصویر کا ذریعہSocial Media
اینکر اور یو ٹیوبر عمران ریاض خان کو رات گئے ایئر پورٹ سے حراست میں لیے جانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
عمران ریاض کی جانب سے درخواست ان کے وکیل ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی صوبائی اداروں نے عمران ریاض خان کے خلاف تفصیلات جمع کروا دی تھی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے حامی سمجھے جانے والے یوٹیوبر عمران ریاض خان کو منگل کی رات لاہور ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہونے والے تھے۔
درخواست کے مطابق عمران ریاض خان کے خلاف نیب ،ایف آئی اے، پنجاب پولیس اینٹی کرپشن نے رپورٹ جمع کروائی اور بتا گیا کہ عمران ریاض کی متعلقہ اداروں کو کسی مقدمہ یا انکوائری میں گرفتاری مطلوب نہیں۔
درخواست میں بتایا گیا کہ رات کو حج پر جاتے ہوئے لاہور ایئرپورٹ سے سادہ لباس اور پولیس والوں نے حراست میں لیا۔ عمران ریاض خان کی بازیابی کےلیے احکامات جاری کیے جائیں اور اگر وہ کسی مقدمے میں گرفتار کیے گئے ہیں تو بتایا جائے کہ ان کے خلاف کون کون سے مزید مقدمات درج ہوئے ہیں ۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو گرفتاری کی وجوہات فوری پیش کرنے کا حکم دے۔
،تصویر کا ذریعہTwitter/screen Grab
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عمران ریاض کی جانب سے لکھا گیا کہ
’عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ عدالتی احکامات کے باوجود احرام میں وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا۔ عمران ریاض خان کو دھکے اور بدتمیزی سے گرفتار کیا۔ عمران ریاض خان اونچی آواز میں لبیک اللہ پڑھتے رہے انکو ایک کالے ویگو میں بٹھایا گیا۔ -ٹیم عمران ریاض خان‘
عید الاضحیٰ پر 17 سے 19 جون تک سرکاری تعطیلات کا اعلان
وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ پر تین سرکاری چھٹیوں کا اعلان کردیا ہے۔
،تصویر کا ذریعہCabinet Division
کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 17 سے 19 جون تک سرکاری تعطیلات ہوں گی۔
غزہ میں کسی بھی آبادی یا علاقائی تبدیلی کی شدید مخالفت کرتے ہیں: اسحٰق ڈار
،تصویر کا ذریعہRadio Pakistan
پاکستان نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی تجویز دی ہے اور غزہ میں تعلیمی اداروں کی تعمیر نو میں شراکت دار بننے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے یہ تجویز منگل کے روز اردن میں غزہ کے لیے فوری انسانی امداد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں ان دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کرنا چاہیے جن کی سلامتی کونسل کی قرارداد سے توثیق کی گئی ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہم غزہ میں کسی بھی آبادی یا علاقائی تبدیلی کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ عمان میں ہونے والی اس کانفرنس کی میزبانی اردن، مصر اور اقوام متحدہ نے مشترکہ طور پر کی ہے۔
مالی سال 2024-25 کا بجٹ پیش کرنے کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے طلب
،تصویر کا ذریعہAFP
وفاقی حکومت مالی سال 2024-25 کا بجٹ آج پیش کرے گی جس کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کی شام چار بجے طلب کرنےکا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے بجٹ کی تمام دستاویزات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب پہلے قومی اسمبلی میں پیش کریں گے جس کے بعد ایوان بالا یعنی سینیٹ کے سامنے بجٹ پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب بجٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی حتمی منظوری لی جائے گی اور کابینہ کو اعتماد میں لیا جا ئے گا۔
کابینہ اجلاس میں بجٹ 2024-25 کے بجٹ کے خدوخال کے علاوہ نئے ٹیکسز اور عوام کیلیے ریلیف سمیت دیگر اہم نکات کابینہ میں پیش کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ بریفنگ دیں گے اور کابینہ ارکان کے سوالات کا جواب دیں گے ۔کابینہ سے منظوری کے بعد آج شام چار بجے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
منگل کی شام وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے مالی سال 2023-24 کا اقتصادی سروے وزارت منصوبہ بندی میں پیش کیا گیا ۔
یہ سروے دراصل ایک ایسی رپورٹ ہوتی ہے جس میں ملک میں گذشتہ برس کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے چند اہم نکات درج ذیل ہیں:
گذشتہ برس افراطِ زر یعنی مہنگائی کی شرح 26 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اس حوالے سے گذشتہ برس رکھے گئے 21 فیصد کے ہدف سے زیادہ تھی تاہم وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ ’مئی کے مہینے میں مہنگائی کا 11.8 فیصد پر آنا اہم ہے اور اس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش کی قیمیتوں میں بھی کمی آئی ہے۔‘
اس کے ذرعی شعبہ میں نمایاں ترقی دیکھی گئی ہے اور یہ 3.5 فیصد کے ہدف سے زیادہ تیزی سے ترقی کر کے اس میں ترقی کی شرح 6.25 فیصد رہی ہے۔
اسی طرح صنعتی شعبہ جو کی پرفارمنس گذشتہ مالی سالی میں منفی 2.94 فیصد تھی اور اس سال یہ مثبت 1.21 فیصد رہی تاہم یہ اس حوالے سے رکھے گئے 3.4 فیصد کے ہدف سے کم ہے۔
ذرعی شعبے کے علاوہ کسی بھی شعبے نے اپنے اہداف حاصل نہیں کیے۔
گذشتہ مالی سال میں تجارتی خسارے میں بھی کمی دیکھنے کو ملی اور یہ 7.3 فیصد سے کم ہو کر 4.2 فیصد رہا۔
اس کے ساتھ اس سال 30 فیصد زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے، تاہم یہ 9415 کے بجٹ سے اب بھی کم ہے۔
اس سال مالیاتی خسارے میں گذشتہ برس کے مقابلے میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جی ڈی پی کے تناسب سے سرمایہ کاری میں پاکستان خطے کے ممالک میں سب سے نیچے ہے: اکنامک سروے آف پاکستان, تنویر ملک، صحافی
پاکستان میں انوسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی تناسب 14 فیصد ہے جو کافی سالوں سے جمود کا شکار ہے اور پاکستان اس شعبے میں خطے کے ممالک کے مقابلے میں سب سے نیچے ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے اکنامک سروے میں بتایا گیا ہے ملک میں سرمایہ کاری اور بچت کی موجودہ شرح پائیدار معاشی ترقی کے لیے کافی نہیں ہے اور اس کی وجہ سے پاکستان میں سپیشل انوسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
سروے کے مطابق یہ کونسل وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان کی مسلح افواج کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔
اس کونسل کا مقصد حکومتی سطح پر وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کو معدینات، کان کنی، توانائی، زراعت، لائیو سٹاک اور دوسرے شعبوں میں لانا ہے۔ ان شعبوں میں منافع بخش ہونے کا پوٹینشل ہے اور حکومت پاکستان تمام ممالک سے ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!
یہاں آپ کے لیے پاکستان کی سیاسی، سماجی ، معاشی اور اقتصادی خبروں سمیت تمام اہم معاملات سے متعلق تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔