انڈیا نے نیلم جہلم ڈیم کو نشانہ نہیں بنایا، سیکریٹری خارجہ
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ وکرم مصری نے جمعرات کے دن ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران نیلم جہلم ڈیم کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انڈیا کی جانب سے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کیے جانے والے حملے کے بعد پریس کانفرنس میں یہ دعوی بھی کیا تھا کہ انڈیا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچایا اور ایک ہائیڈرو پروجیکٹ کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اور خطرناک ہے۔
تاہم انڈیا کے سیکرٹری خارجہ نے اس دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا نے صرف ان اہداف کو نشانہ بنایا جن کا تعلق دہشت گردی سے تھا۔‘
جب ان سے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی جانب سے انڈین فضائیہ کے طیارے گرانے کے دعوے سے متعلق سوال ہوا تو انھوں نے کہا کہ اس کا جواب صحیح وقت پر دیا جائے گا۔ ان سے یہ سوال بھی ہوا کہ کیا انڈیا کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ آپریشن سندور میں دہشت گردی میں ملوث کسی بڑے نام کی ہلاکت ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے پاس ایسی معلومات نہیں ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے آپریشن سندور پہلگام حملے کے ردعمل میں کیا گیا اور اب انڈیا مذید تنازع کو بڑھانا نہیں چاہتا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے پہلگام حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا ہے۔
انڈیا کے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی کارروائی کی گئی تو اس کا جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے دفاتر کے درمیان رابطے کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس بارے میں اس وقت کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔





















