|
امریکیوں میں بلاگ کی مقبولیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک نئی تحقیق کے مطابق امریکی عوام انٹرنیٹ پر بلاگ پڑھنے کے عادی ہورہے ہیں اور سن دو ہزار چار میں بتیس ملین امریکیوں نے مختلف موضوعات پر لکھے جانے والے بلاگ کا مطالعہ کیا۔ بلاگ انٹرنیٹ پر وہ ویب سائٹیں یا جریدے ہیں جو عام طور پر کوئی بھی فرد ذاتی طور پر شروع کرتا ہے۔ بلاگ کو انٹرنیٹ ڈائری بھی کہا جاسکتا ہے۔ مائیکروسافٹ، گوگل اور کئی انٹرنیٹ کمپنیاں اپنی ویب سائٹ پر صارفین کو بلاگ لکھنے کی جگہ فراہم کرتی ہیں۔ تحقیقاتی ادارے پیو انٹرنیٹ اور امیریکن لائف پراجیکٹ کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ میں بلاگ پڑھنے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال اٹھاون فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے کے باوجود ساٹھ فیصد سے زائد انٹرنیٹ استعمال کرنے والے امریکیوں نے بلاگ کے بارے میں کبھی نہیں سنا ہے۔ حالیہ امریکی انتخابات میں بلاگ کافی مقبول ہوئے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ ابھی بھی بلاگ پڑھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ بیشتر لوگ بلاگ لکھنے کی زحمت نہیں کرتے۔ تاہم اس تحقیقاتی سروے میں حصہ لینے والے سات فیصد افراد نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہ کبھی بلاگ لکھا ہے یا بلاگ لکھنے والے دوسرے افراد کی ڈائریوں پر اپنا ردعمل لکھا ہے۔ سروے سے معلوم ہوا کہ بلاگ لکھنے والے افراد تعلیم یافتہ اور اچھی آمدنیوں والے نوجوان ہیں جو انٹرنیٹ کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||