|
’بلاگ‘، مقبول ترین لفظ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایک امریکی آن لائن ڈکشنری کے مطابق ’بلاگ‘ دو ہزار چار میں سب سے زیادہ تلاش کیا جانے والا لفظ ہے۔ مریم ویبسٹر نامی لغت شائع کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران ان کی ویب سائٹ پر قارئین نے جس لفظ کا مطلب سب سے زیادہ بار تلاش کیا وہ ہے ’بلاگ‘۔ دو ہزار چار کے دوران ’بلاگ‘ یا ویب لاگ نہایت مقبول ہوئے ہیں اور ان کی مقبولیت ذرائع ابلاغ پر بھی اثر انداز ہوئی ہے۔ وہ دوسرے الفاظ جو تلاش کی لسٹ میں اوپر رہے ان میں امریکی صدارتی انتخابات اور امریکہ میں آنے والی قدرتی آفات شامل ہیں۔ مریم ویبسٹر آن لائن لغت میں ’بلاگ‘ کا مطلب یوں بیان کیا گیا ہے۔ ’ ایک ایسی ویب سائٹ جو کہ ایک ایسی ذاتی ڈائری پر مشتمل ہو جو کہ لوگوں کے خیالات کی عکاسی کرے اور جس میں لوگوں کی آراء اور ہائپر لنک موجود ہوں‘۔ اس مقبولیت کے بعد’بلاگ‘ کو2005 کے مریم ویبسٹر لغت کے کتابی ایڈیشن میں شامل کر لیا جائے گا۔ یہ لفظ اگرچہ آکسفورڈ لغت کے چند ایڈیشنوں میں موجود ہے البتہ ویبسٹر ڈکشنری نے ابھی تک اس لفظ کو اپنی فہرست میں شامل نہیں کیا تھا۔ حالیہ امریکی انتخابات کے دوران’ بلاگ‘ اظہارِ رائے کا نہایت مقبول ذریعہ ثابت ہوئے تھے۔ ’بلاگ‘ اور آن لائن جرنلز کی مقبولیت کی ایک اہم وجہ وہ سافٹ وئیر بھی ہے جس کی مدد سے لوگ اپنی آراء دوسرے لوگوں تک پہنچاتے ہیں۔ ’بلاگ‘ کا تجزیہ کرنے والی ایک کمپنی کا کہنا ہے کہ انٹر نیٹ پر موجود بلاگوں کی تعداد ہر پانچویں ماہ دگنی ہو جاتی ہے۔ ٹیکنوریٹی نامی اس کمپنی کے اندازے کے مطابق انٹرنیٹ پر اس وقت قریباً اڑتالیس لاکھ بلاگ موجود ہیں۔ ایک امریکی تحقیقی ادارے کے مطابق ہر پانچ اعشاریہ آٹھ سیکنڈ کے بعد ایک نیا بلاگ لکھا جاتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||