پانڈیا کی آل راؤنڈ کارکردگی، انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

ایشیا کپ کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہارڈک پانڈیا کی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث انڈیا نے پاکستان کو میچ کے آخری اوور میں پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کو سلو اوور ریٹ کے باعث ایک فلیڈر دائرے میں رکھنے کی سزا دی گئی، جس کا پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

لائیو کوریج

محمد صہیب

  1. شاہین ہمارا بہترین بولر ہے، اس کی کمی محسوس ہو گی: بابر اعظم

    babar

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہین ہمارا بہترین بولر ہے، جیسے وہ بولنگ کرتا ہے جارحانہ انداز میں اور بولنگ کو لیڈ کرتا ہے، تو ہمیں اس کی کمی محسوس ہو گی۔

    تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’انجریز کھیل کا حصہ ہیں یہ ہوتی رہتی ہیں، ہماری بینچ سٹرینتھ کافی اچھی ہے اور ہمارے نوجوان بولرز جس طرح پرفارم کرتے آ رہے ہیں مجھے ان پر پورا یقین ہے۔‘

    انھوں نے انڈیا پاکستان میچ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے ہر میچ اہم ہوتا ہے، اور بطور کپتان میری ذمہ داری یہی ہے کہ میں اپنا 100 فیصد دوں، ٹیم کے لیے بہترین پرفارمنس دوں، اور اپنی کرکٹ سے محظوظ ہونے کی کوشش کروں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’انڈیا پاکستان میچ کا ہر کسی کو انتظار ہوتا ہے کیونکہ وہ اچھی کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں اور ہمیں بھی بطور کھلاڑی یہ انتظار رہتا ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں اور اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں۔

    ’اس دوران اپنی گیم پر جتنا یقین رکھیں اتنا اچھا ہے، اونچ نیچ تو آتی رہے گی۔‘

  2. پاکستان شاہین آفریدی، انڈیا جسپریت بمرا کے بغیر میدان میں اتریں گے

    shaheen

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایشیا کپ سے دو ہفتے قبل ہی یہ خبر سب کو معلوم تھی کہ پاکستانی فاسٹ بولر جنھوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں انڈیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، ایشیا کپ میں پاکستان کی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

    شاہین آفریدی کو سری لنکا کے جولائی میں کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوران گیند روکتے ہوئے گھٹنے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کی انجری کی سنگینی کا احساس نیدرلینڈز کے دورے پر ہوا اور انھیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فٹنس بحال کرنے کے لیے ایشیا کپ کے دوران آرام کا مشورہ دیا گیا۔

    شاہین کے علاوہ پاکستان کی ٹیم کو محمد وسیم جونیئر کی کمی بھی محسوس ہو گی، جو ٹورنامنٹ سے پہلے کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم سے باہر ہو گئے تھے، ان کی جگہ ٹیم میں حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب انڈیا کی ٹیم بہترین فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے بغیر میدان میں اتر رہی ہے، انھیں کمر میں تکلیف کے باعث آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  3. ایشیا کپ میں پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ سے متعلق خصوصی لائیو پیج میں خوش آمدید!

    pak india

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گی۔

    دونوں ٹیموں ٹھیک دس ماہ بعد ایک دوسرے کا سامنا کر رہی ہیں، اور آخری مرتبہ جب یہ ٹیمیں مدِ مقابل آئی تھیں تو پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے گروپ میچ میں انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    اس میچ کی لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس آپ کو اس لائیو پیج کے ذریعے میسر ہوں گی۔