پاکستان کے صوبہ سندھ میں پیر کو کورونا کے 42 نئے مریض سامنے آنے کے بعد جہاں صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 394 تک پہنچ گئی ہے وہیں پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 884 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ بدستور ملک میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔
نامہ نگار کریم الاسلام کے مطابق اتوار کو صوبے میں جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ان میں سے 39 کا تعلق ان زائرین سے ہے جو ایران سے پاکستان آئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 260 زائرین میں کووڈ-19 کی تصدیق کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں بھی تین نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 133 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 88 افراد ایسے ہیں جن میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ کراچی میں اب تک چار مریض صحت یاب جبکہ ایک ہلاک بھی ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں دادو میں بھی کورونا کا ایک مریض موجود ہے۔
پیر کو پنجاب میں بھی اس وائرس کے مزید 21 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد وہاں متاثرین کی کل تعداد 246 ہو گئی ہے۔
نامہ نگار ترہب اصغر کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی اکثریت ڈیرہ غازی خان میں بنائے گئے قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین کی ہے جن میں سے 177 میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ لاہور میں 52 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گوجرانوالہ اور گجرات میں چار، چار، راولپنڈی اور جہلم میں تین تین، ملتان میں دو جبکہ سرگودھا میں ایک مریض موجود ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی پیر کو کورونا وائرس کے سات نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 38 ہو گئی ہے جبکہ اب تک تین افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں میں سے تین کا تعلق پشاور اور دو کا مانسہرہ سے ہے جبکہ ایک ایک مریض بونیر اور کرک میں سامنے آیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات کے مطابق صوبے میں 235 نئے مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک کروائے گئے 120 افراد کے ٹیسٹ کا رزلٹ نیگیٹیو آیا ہے اور 290 کا رزلٹ آنا ابھی باقی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل میں لائے گئے زائرین میں سے 130 زائرین کے ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں جبکہ بقایا کے نتائج آنا باقی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید چار مریض سامنے آنے کے بعد یہاں کووڈ-19 کے متاثرین کی تعداد 15 ہو گئی ہے جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 13 زیرِ علاج ہیں۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پیر کو چار نئے مریضوں کی شناخت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی پیر کو نو افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہاں مریضوں کی تعداد 80 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق زیادہ تر مریضوں کا تعلق زائرین سے ہے
اس کے علاوہ بلوچستان میں 110 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک شخص میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔