آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: پاکستان میں 2426 متاثرین، سندھ میں پابندیاں مزید سخت

پاکستان میں جمعرات کو 100 سے زیادہ نئے مریض سامنے آنے بعد ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2426 ہوگئی ہے جبکہ 35 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس شرح سے کورونا پھیل رہا ہے اس سے نمٹنے کے وسائل موجود ہیں۔

لائیو کوریج

  1. لاہور میں کورونا کے مریضوں کے لیے ہسپتال تیاری کے آخری مراحل میں

    پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں کورونا کے مریضوں کے لیے فیلڈ ہسپتال تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

    صوبائی حکومت کے مطابق یہ ہسپتال ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔ یہ ہسپتال لاہور ایکسپو سنٹر مںی بنایا گیا ہے اور امکان ہے کہ بدھ تک اس کا کام مکمل ہو جائے گا۔

  2. پاکستان بھر میں تمام اندورن ملک پروازیں 2 اپریل تک معطل

    حکومت پاکستان نےپاکستان بھر میں تمام اندورن ملک پروازیں 2 اپریل تک معطل کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

    اس پابندی کا اطلاق تمام قسم کی ڈومیسٹک شیڈول / بغیر شیڈول (سی ایم ایم) چارٹرڈ اور نجی ہوائی جہاز کے مسافروں کی پروازوں پر ہوگا۔ فلائٹ آپریشن جمعرات 26 مارچ 2020 ء کو شام 06 بجے سے معطل ہوں گی۔

    مذکورہ بالا معطلی کا اطلاق کارگو اور خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا جن کو منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہوں گے۔

    یہ معطلی 2 اپریل ، 2020 کو 0559 بجے ختم ہوگی۔

  3. بلوچستان میں بھی دفعہ 144 کے خلاف ورزی کرنے والے مرغا بن گئے

    پاکستان کے صوبے بلوچستان میں لیویز کا کوہلو شہر کے مختلف علاقوں میں گشت جاری ہے جہںا اہلکاروں نے دفعہ 144 کے خلاف ورزی کرنے والوں کو مرغا بنا کر سزا دی۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے لیے لیویز فورس کی شہر میں گشت جاری ہیں۔

    لیویز کے رسالدار میجر شیر محمد مری کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    انھوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دے کر اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ جو شہری دفعہ 144 کے خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

  4. بریکنگ, خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد 78 ہو گئے

    پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 40 مزید افراد میں تصدیق کی گئی ہے۔

    اس اضافے کے ساتھ صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 78 ہو گئی ہے۔

    خیبر پختونخوا میں ایک ہی دن میں چالیس مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈی آئی خان کیمپ میں مریضوں کی تعداد 53 ہوچکی ہے۔ جبکہ مانسہرہ میں تین، مردان میں چھ، پشاور میں 12، بونیئر، چارسدہ، کرک اور جنوبی وزیرستان میں ایک ایک مریض ہیں۔

    پیر کے روز سات افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    نئے کیسز سامانے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار ہونے والوں کی تعداد 958 ہو گئی ہے۔

    صوبے میں کل متاثرین:78

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 3

    زیرِ علاج: 75

  5. بریکنگ, کورونا سے ہلاک ہونے والے کشمیری شخص کی میت آبائی علاقے لانے پر پابندی

    پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے عباسپور کے اسسٹنٹ کمشنر محمد تصور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے پہلے مریض افراسیاب کے ورثا کو ان کی لاش کو آبائی علاقے لانے سے روک دیا۔ان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراسیاب کا تعلق عباسپور سے ہے.جس کا آبائی گاوں نمجر ہے۔

    مذکورہ شخص لاہور میں مقیم تھے۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والے بزرگ تیرہ مارچ کو اپنے گاوں آئے تھے اور اپنے ایک عزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کی تھی۔

    صحافی ایم اے جرال کے مطابق عباسپور کے اسسٹنٹ کمشنر محمد تصور نے بتایا افراسیاب تین روز تک اپنے آبائی علاقے میں رہے جس بنا پر عباسپور کی یونین کونسل کھلی درمن کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے اور اب تمام افراد کی سکرینگ کی جائے گی۔

  6. بریکنگ, معروف ڈیزائنر کے باورچی میں کورونا کی تصدیق، ’فرار کروانے پر مالکان کے خلاف مقدمہ درج‘

    پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شہر لاہور میں کورونا وائرس کے مریض کے حوالے سے اطلاع چھپانے اور اسے بھگانے کے الزام میں معروف ڈیزائٹر ماریہ بی کے شوہر کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    سوئی گیس کالونی کے رہائشی طاہر سعید کے ملازم عمر فاروق میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ طاہر سعید نے اپنےگھر باورچی کی حیثیت سے کام کرنے والی شخص عمر فاروق کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٍٹ مثبت آنےکے بعد اس کو ہسپتال داخل کروانے کے بجائے اسے وہاڑی بھیج دیا۔

    پولیس کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق باورچی عمر فاروق دو بسیں تبدیل کر کے متعدد افراد سے ملنے کے بعد اپنے گھر پہنچا جہاں وہ متعدد افراد سے ملتا رہا۔

    محکمہ ہیلتھ اور پولیس کو جیسے ہی چغتائی لیب سے رپورٹ ملی فورا ایکشن لیتے ہوئے وہاڑی سے عمر فاروق کو پکڑ کر آئیسولیشن وارڈ میں داخل کروا دیا گیا اور عمر فاروق کے خاندان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عمر فاروق کو بھگا کر سینکڑوں افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے جرم میں معروف ڈیزائنر کے شوہر طاہر سعید کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا۔ ان کے خاندان کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تاہم ڈیزائنر ماریہ بی نے گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انھوں آدھی رات کو مسلح پولیس کی جانب سے ان کے گھر پر چھاپے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ ’پولیس ہمیں قصوروار کہہ رہی ہے حالانکہ ان کا پورا خاندان خطرے میں ہے اور کسی کا بھی ٹیسٹ مثبت آ سکتا ہے۔‘

  7. بریکنگ, سکھر قرنطینہ سے 650 افراد کو گھر بھیجنے کی تیاریاں مکمل

    وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ۔ محکمہ صحت کی جانب سے 650 افراد کو سکھر قرنطینہ میں کلیئر قرار دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کلیئر قرار دیے گئے افراد کو بسوں کے ذریعے ان کے علاقوں میں پہنچایا جارہا ہے۔

    قرنطینہ سے 14 بسیں مختلف شہروں کو ساڑھے نو۔بجے روانہ ہوں گی۔ جن میں لاڑکانہ بدین حیدرآباد دادو کراچی کے لئے بسیں شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہر کے ڈپٹی کمشنر زائرین کو 14 دن تک گھروں میں قرنطینہ میں رکھیں گے۔

    اویس قادر شاہ کے مطابق زائرین کے ساتھ کھانے پینے کا سامان بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔

  8. کورونا وائرس: کرنسی نوٹ کیسے جراثیم پھیلا سکتے ہیں؟

  9. ترکی میں پھنسے پاکستانی سیاح واپسی کے منتظر

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے باعث پاکستان سے ترکی جانے والے متعدد سیاح بھی استنبول میں پھنسے ہوئے ہیں۔ استبول میں پاکستانی قونصلیٹ کے مطابق ان سیاحوں کی تعداد 175 ہے۔

    مدد طلب کرنے کے لیے پاکستانی قونصل خانے آنے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ کا عملہ ان سے تعاون نہیں کر رہا۔ ان کے بقول ’سفارتی عملے نے ان سے کہا ہے کہ وہ خود اپنی مرضی سے سیاحت کے لیے آئے ہیں اس لیے گھر والوں سے کہہ کر رقم منگوائیں اور اپنا انتطام کریں۔‘

    یہ سیاح زیادہ تر سیاحتی گروہوں کے ساتھ ترکی گئے ہیں۔ ترکی میں موجود پاکستان واپسی کی منتظر بی بی سی کی نامہ نگار منزہ انوار نے پاکستانی قونصل خانے آنے والے لوگوں سے بات کی۔ انھوں نے بتایا کہ صبح سے قونصل خانے میں موجود افراد کو کھانے یا پانی تک کو نہیں پوچھا گیا۔

    کراچی سے 29 افراد کے ہمراہ ترکی آنے والے محمد فرحان چھیپا نے بتایا ’قونصلیٹ نے ان سب سے دستاویزات کی نقول حاصل کر لی ہیں۔ لیکن وہ فی الحال ٹرانسٹ پر پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی میں مدد کررہے ہیں۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ سفارتی عملہ پاکستانی اور ترکی کے حکام سے اس معاملے پر بات چیت کر رہا ہے۔ ‘

    ایک اور نوجوان ایڈووکیٹ علی مرزا نے بتایا ’قونصلیٹ والے کہہ رہے ہیں کہ آپ لوگوں سے متعلق ہمارے پاس کوئی ہدایات نہیں آئیں۔ ہم پاکستانی وزیر اعظم اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری کنفرم پروازوں کو ملک میں اترنے کی اجازت دی جائے یا پھر خصوصی طیارے کے ذریعے ہمیں واپس لایا جائے تاکہ ہم اپنے خاندانوں سےمل سکیں۔‘

    کراچی سے ہی ترکی جانے والی ایک خاتون مہوش نے بتایا ان کی قطر ائیر لائن کی پرواز کے لیے27 ، پھر 23 کو منسوخ ہوئی کیونکہ ترک ہوائی اڈے کے حکام ان سے کہہ رہے ہیں ’آپ کا ملک اپنی حدود میں پروازیں نہیں آنے دے رہا ، انھوں نے ہمارے کورونا ٹیسٹ بھی کیے اور 10 ہزار روپے کا ٹیسٹ ہوا۔ ‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے ہوٹل والوں نے بھی ہمیں نکل جانے کو کہا ہے کہ کیونکہ ترکی کی حکومت نے ہوٹلوں کو خالی کیے جانے کے احکامات کر کر دیے ہیں۔ کئی پاکستانیوں کو ان کے ہوٹلز نے نکال دیا ہے۔

    بعد ازاں استنبول میں پاکستانی قونصل جنرل بلال پاشا نے آ کر ان پاکستانیوں کو تسلی دی اور بتایا کہ ائیر پورٹ سے لائے جانے والے 40 پاکستانیوں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ اور اس دوران حکام سب لوگوں کی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  10. بریکنگ, پاکستان میں شرحِ سود میں مزید ڈیڑھ فیصد کی کمی, شرحِ سود 11 فیصد ہو گئی

    پاکستان کے سٹیٹ بینک نے ملک میں شرحِ سود میں مزید ڈیڑھ فیصد کی کمی کی ہے جس کے بعد یہ شرح 11 فیصد پر آ گئی ہے۔

    یہ رواں ماہ میں شرحِ سود میں کی جانے والی دوسری کمی ہے۔ اس سے قبل 17 مارچ کو بھی

    شرح سود میں 0.75 فیصد کی کمی کی گئی تھی۔

    مبصرین اس کمی کا تعلق ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں میں آنے والی کمی اور تعطل کو قرار دے رہے ہیں۔

  11. بریکنگ, عوام کے لیے ریلیف پیکیج، ٹیکس ری فنڈ، پٹرول سستا اور ماہانہ امداد, یہ ٹی ٹوئنٹی کا میچ نہیں، ہوسکتا ہے صورتحال چھ مہینے چلے: وزیراعظم عمران خان

    پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث معاشی سرگرمیوں میں آنے والے تعطل اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبہ جات کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    حکومتی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پناہ گاہوں کو مزید پھیلائیں گے کیونکہ موجودہ پناہ گاہوں میں بہت رش دیکھا جارہا ہے۔‘

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مکمل لاک ڈاون کرنے سے غریبوں کو کھانا کون فراہم کرے گا اس لیے وہ اور ان کی ٹیم حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مزدور طبقے کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔ برآمد کنندگان کے قرضوں پر سود ملتوی کر رہے ہیں اور معاشرے کے انتہائی غریب طبقے کے لیے 150ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں جس کے تحت ہر غریب خاندان کو 3 ہزار روپے ماہانہ فراہم کیے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ خطرہ کورونا سے خوف میں آکر فیصلہ کرنے کا ہے, لاک ڈاؤن کا آخری سٹیج کرفیو ہے۔

    وزیر اعظم نے پیٹرول 15 روپے سستا کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    انھوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے لیے 50 ارب روپے مزید مختص کیے گئے ہیں۔ گندم کی سرکاری خریداری کیلئے 280ارب روپے رکھے ہیں۔ 300 یونٹ تک گیس اوربجلی کے بل 3 ماہ تک قسطوں میں لیےجائیں گے، دالوں سمیت دیگراشیاپر ٹیکس کی شرح کم کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کو فوری 100 ارب روپے کا ٹیکس ریفنڈ دیں گے، تاکہ یہ ریفنڈ صنعتیں لیبر پرخرچ کرسکیں۔

    انھوں نے خبردار کیا کہ ’ملک میں سب سے زیادہ خطرہ کورونا سے نہیں، غلط فیصلوں سے ہوسکتا ہے اٹھارویں ترمیم کےبعدصوبے خودفیصلہ کرتےہیں ہم تجویزکرسکتےہیں کرفیو لگانا پڑا تو اس کے لیے تیاری کے ضرورت ہے، اگرغریب کو کھانا نہیں پہنچایا گیا تو کرفیو کا نقصان ہو گا۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ٹی ٹوینٹی کامیچ نہیں ،ہوسکتاہےصورتحال 6 مہینےچلے، وزیراعظم عمران خان میں رضا کاروں کی فوج تیار کر رہا ہوں، جہاں کورونا کا خدشہ لگے تو اسے سیل کریں گے۔ دوسرا اورسیز پاکستانیوں سے فنڈ لے کر استعمال کریں گے۔‘

  12. پاکستان قیدیوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے اقدامات کرے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد اور ہلاکتوں کے بعد ایمنسٹی انٹرنیشنل اور قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم جسٹس پیس پروجیکٹ نے حکومت سے قدیوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی کیمپ جیل میں ایک قیدی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس قیدی کو اٹلی میں گرفتار کیا گیا اور پاکستان لائے جانے کے بعد اسے جیل کے مختلف بیرکوں میں رکھا گیا تھا جس کے باعث خدشہ ہے کہ جیل کے دیگر قیدیوں کو بھی یہ وائرس متاثر کر سکتا ہے۔

    ایمنسٹی انٹر نیشنل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لہذا اس وبا کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قیدیوں کو مکمل صحت کی سہولیات دی جائے۔ قیدیوں کے لیے سماجی دوری اور ذاتی صفائی سمیت تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔ پاکستان حکام معمولی نوعیت کی جرم میں قید افراد کو پیرول پر رہائی یا قبل از وقت رہائی دینے کے بارے میں غور کریں۔ بیان میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ جیل میں قید ایسے بزرگ قیدیوں کی رہائی پر بھی غور کیا جائے جن سے معاشرے یا نقص امن میں کوئی خطرہ نہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں نے جیلوں میں قیدیوں کی جلد رہائی اور جانچ جیسے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان وعدوں پر عمل کرنا ہو گا اور ملک بھر میں اس کی تقلید کی جائے۔ ایسا نہ کرنے سے پاکستان میں 77000 سے زائد قیدیوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

  13. بریکنگ, سندھ میں 13 نئے مریض، پاکستان میں تعداد 918 ہو گئی

    پاکستان میں کورونا سے سب سے متاثرہ صوبے سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو مزید 13 افراد میں اس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ان 13 افراد میں سے آٹھ کا تعلق کراچی سے جن میں یہ وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا جبکہ پانچ مریضوں کا تعلق سکھر میں رکھے گئے زائرین سے ہے۔

    سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق صوبے میں مصدقہ متاثرین کی تعداد اب 407 ہو گئی ہے جبکہ اس اضافے کے بعد ملک میں متاثرین کی کل تعداد 918 ہے۔

    سندھ میں اب تک چار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔ پاکستان میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد چھ ہے جبکہ اب تک سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    سندھ میں سب سے زیادہ مریض سکھر میں 265 ہیں۔ یہ ایران سے آنے والے زائرین ہیں جنھیں سکھر کے قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی مریضوں کی تعداد مزید بڑھی ہے جہاں اب تک 141 افراد میں اس کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے 90 میں یہ مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔

    اس کے علاوہ دادو میں بھی ایک مریض موجود ہے۔

  14. بریکنگ, پاکستان میں کورونا کے 958 متاثرین

    • سندھ

    کل متاثرین: 407

    صحت یاب ہوئے: 4

    ہلاکتیں: 1

    زیرِ علاج: 403

    • پنجاب

    کل متاثرین: 267

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 1

    زیرِ علاج: 264

    • بلوچستان

    کل متاثرین: 110

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 1

    زیرِ علاج: 109

    • خیبر پختونخوا

    کل متاثرین: 78

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 3

    زیرِ علاج: 75

    • اسلام آباد

    کل متاثرین: 15

    صحت یاب ہوئے: 2

    ہلاکتیں: 0

    زیرِ علاج: 13

    • گلگت بلتستان

    کل متاثرین: 81

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 1

    زیرِ علاج: 80

    • پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر

    کل متاثرین: 01

    صحت یاب ہوئے: 0

    ہلاکتیں: 0

    زیرِ علاج: 1

  15. بریکنگ, پنجاب میں بلدیاتی انتخابات موخر اور سکول 30 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

    پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات اگلے نو تک کے لیے موخر کر دیے گئے ہیں۔

    ایک نیوز بریفنگ میں انھوں نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے سکولوں میں چھٹیاں 30 مئی تک بڑھا دی گئی ہیں۔ انھوں نے نجی سکولوں کو تجویز دی کے اس دوران بچوں سے نصف فیس وصول کی جائے۔

    پنجاب کے وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ سماجی بہبود کے فنڈز کا استعمال کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا ’ہم ڈاکٹرز اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ ’میں اور میرے کابینہ کے تمام ارکان اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا سے بچاؤ کے لیے دے رہے ہیں۔‘

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کو 2 ارب روپے کے فنڈز دئیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ جبکہ بلوچستان کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا لیبارٹریز کو فنکشنل کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کے ملک مںی صحت کے حوالے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 10 ہزار نئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتیاں کی جائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ کورنا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دفع 144 کے نفاذ کے لیے ہر طرح کے اقدامات کیے جائیں گے۔

  16. کورونا وائرس: اسلام آباد ہائی کورٹ کے 408 قیدیوں کی ضمانت پر مشروط رہائی کے احکامات جاری

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر 408 قیدیوں کی ضمانت پر مشروط رہائی کے احکامات جاری کر دیے۔

    نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالت نے حکم دیا ہے کہ چیف کمشنراسلام آباد، آئی جی پولیس اور ڈی جی اے این ایف کے نامزد کردہ مجاز افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جس کے مطمئن ہونے پر ہی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جس ملزم کے بارے میں خطرہ ہے کہ وہ باہر نکل کر معاشرے کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، اسے ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایمرجنسی صورتحال ہے ۔امریکہ میں بھی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے، اور ہم صرف ان ملزمان کو ضمانت دے رہے ہیں جو سزا کے بغیر قید کاٹ رہے ہیں۔ خواتین کو بھی اس صورت حال میں جیل میں رکھنا ٹھیک نہیں۔‘

  17. مولانا طارق جمیل، ہمارا سٹریٹجک اثاثہ

  18. کورونا وائرس: کراچی کے کینٹ سٹیشن پر مسافروں کا رش

    پاکستان کی وزارت ریلوے نے منگل سے ملک بھر میں سات دن کے لیے ریلوے آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ جبکہ دوسری جانب کراچی کے کینٹ ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے رش کے باعث سماجی دوری اور دیگر احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی جا رہی۔

  19. پاکستان میں متاثرین میں اضافے کی شرح

    پاکستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور درج ذیل گراف میں 12 مارچ کو پہلا مریض سامنے آنے کے بعد سے 23 مارچ تک مریضوں کی تعداد کو دیکھا جا سکتا ہے

  20. کورونا کے مریض کے مرنے کے امکانات کیا ہیں؟

    محققین کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ایک ہزار مریضوں میں سے مرنے والوں کی تعداد پانچ سے 40 کے درمیان ہے۔

    زیادہ درست اندازہ یہ ہے کہ یہ تعداد ایک ہزار میں نو ہے جو کہ لگ بھگ ایک فیصد بنتی ہے لیکن اس کا دار و مدار بہت سے دوسرے عناصر پر بھی ہے جس میں مریض کی عمر، اس کی عمومی صحت اور اس کو دستیاب صحت کی سہولیات شامل ہیں۔