آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

کورونا: پاکستان میں 2426 متاثرین، سندھ میں پابندیاں مزید سخت

پاکستان میں جمعرات کو 100 سے زیادہ نئے مریض سامنے آنے بعد ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2426 ہوگئی ہے جبکہ 35 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جس شرح سے کورونا پھیل رہا ہے اس سے نمٹنے کے وسائل موجود ہیں۔

لائیو کوریج

  1. کیسے پتا چلے کہ آپ کورونا وائرس سے متاثر تو نہیں؟

  2. کراچی میں لاک ڈاؤن کا دوسرا دن

    پاکستان کے صوبے سندھ میں منگل کو لاک ڈاؤن کا دوسرا روز ہے۔ ملک کے سب سے بڑے اور زیادہ آبادی والے شہر میں مرکزی شاہراہیں اور بازار کیا منظر پیش کر رہی ہیں۔

  3. خیبر پختونخوا میں بھی لاؤڈ سپیکرز پر گھر میں رہنے کی اپیل

    پاکستان کے صوبہ سندھ کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی پولیس نے لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے عوام سے گھروں میں رہنے کے لیے اپیل شروع کر دی ہے

    پشاور کے مختلف علاقوں حیات آباد، کینٹ اور اندرون شہر میں منگل کو پولیس نے ایسے اعلانات کیے۔

    صوبائی دارالحکومت پشاور میں سٹی پیٹرول فورس کو یہ کام سونپا گیا ہے۔

  4. ملک بھر میں ڈاکٹرز کو ذاتی حفاظتی سامان مہیا کیا جا رہا ہے، این ڈی ایم اے

    پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹے نے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ابتدائی مراحل میں ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کو ذاتی بچاؤ کا سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔

    جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھرمیں مختلف سرکاری محکمہ جات اور ہسپتالوں کو حفاظتی سامان فراہم کیا گیا ہے۔اس سامان میں این 95 فیس ماسک سمیتحفاظتی سوٹ، تھرمل گنز اور دستانے شامل ہیں۔

    جبکہ سرجیکل ٹوپیاں، کاٹن رول، ڈیٹول اور فیس شیلڈ بھی ڈاکٹرز کو بھجوائی گئی ہیں۔

    این ڈی ایم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوبئی اور اور دوحا میں پھنسے 141 پاکستانی مسافروں کی سکریننگ کے بعد انھیں اپنے گھروں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ ان مسافروں میں سے کسی میں کرونو وائرس کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔

  5. خیبرپختونخوا میں مساجد میں جراثیم کش سپرے کرنے کی ہدایت

    وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش نے محکمہ بلدیات کو مساجد میں جراثیم کش سپرے کرنے کی ھدایت کر دی ہیں۔

    انھوں نے صوبے کے ویلج کونسل سیکرٹریز کو اپنے علاقے میں مساجد سے قالین ہٹوانے اور ہر مسجد میں جراثیم کش سپرے کروانے کی ہدایات کی ہیں۔

  6. بریکنگ, کورونا وائرس: لاہور میں پہلی ہلاکت، ملک میں کل اموات سات ہو گئیں

    لاہور میں کورونا سے ایک شخص کی ہلاکت کے بعد ملک میں ہلاک شدگان کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

    یہ پنجاب میں اس مرض سے ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔

    صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے منگل کو لاہور میں کورونا وائرس کے ایک 57 سالہ متاثرہ مریض کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کے لیے مشکل وقت ہے اور اس وبا کا مقابلہ صرف گھروں میں رہ کر اور حفاظتی تدابیر اختیار کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔

    ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق شیخوپورہ سے بتایا گیا ہے اور اس کے بیرون ملک سفر کا کوئی ریکارڈ نہیں تاہم وہ چند روز قبل پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر گیا تھا۔

    متوفی کو پیر کو ہسپتال لایا گیا جہاں ٹیسٹ کے بعد اس میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ حکام کے مطابق متوفی سے گذشتہ 14 روز میں ملنے والوں کی تفصیلات بھی اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

  7. بریکنگ, ملک بھرمیں 31 مارچ تک ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کی وزارت ریلوے نے منگل کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ملک بھر میں ٹرین آپریشن 31 مارچ تک معطل کر دیا ہے۔

    وزارت ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کی رات 12 بجے سے 31 مارچ کی رات 12 بجے تک ملک بھر میں تمام مسافروں ٹرینوں کی آمدورفت کو معطل کر دیا جائے گا۔

  8. سب کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا، شہباز شریف

    پاکستان کی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے میں سیاست کو لانا گناہ ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب مل کرکورونا وائرس کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور اس امتحان سے کامیابی سے نکل جائے گے۔ ہمیں اس وقت ایک قوم بن کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ معیشت کے مسائل کے ساتھ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے، بد قسمتی سے ہماری معیشت کمزور ہے۔

  9. ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تنخواہوں کو دوگنا کیا جائے، شہباز شریف

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اپنی جان پر کھیل کر کورونا وائرس مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، حکومت فوری ان کی تنخواہوں کو دوگنا کریں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت ان کو تمام حفاظتی کٹ فراہم کریں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے 10 ہزار کٹس ڈاکٹروں کو دی جائیں گی۔

  10. وزیراعظم نیشنل ٹاسک فورس میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دیں، شہباز شریف

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کہنا ہے کہ کورونا وائرس پر بنائی گئی قومی ٹاسک فورس میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں، کورونا وائرس کےباعث پیدا صورتحال کے پیش نظر ملک میں شرح سود کو تین سے چار فیصد تک کم کیا جائے اور تیل کی قیمت میں 70 روپے فی لیٹر کمی کی جائے اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ جبکہ پورے ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹ عام افراد کے لیے مفت کیے جائیں۔

  11. صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن، کراچی میں ہو کا عالم

    پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا ہے۔ اس لاک ڈاؤن کے پہلے روز ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کیا مناظر تھے، دیکھیے اِس ڈیجیٹل ویڈیو میں

  12. بریکنگ, پنجاب میں 16 نئے مریض، پاکستان میں متاثرین 900 سے زیادہ

    پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو مزید 19 افراد میں اس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

    اس اضافے کے بعد ملک میں متاثرین کی کل تعداد 908 ہو گئی ہے۔

    پنجاب کے محکمۂ صحت کے مطابق صوبے میں اب 265 مصدقہ مریض موجود ہیں۔

    ان میں سے 176 ایران سے آنے والے زائرین ہیں جنھیں ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت لاہور بھی وائرس کا نشانہ بنا ہے جہاں اب تک 59 افراد میں اس کی تصدیق کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ گجرات میں 12، گوجرانوانہ میں سات، ملتان اور راولپنڈی میں دو، دو جبکہ فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، رحیم یار خان اور سرگودھا میں ایک ایک مریض موجود ہے۔

  13. کورونا وائرس: خیبر پختونخوا میں بھی لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت نے بھی سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی خدشات کے پیش نظر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق حکام نے صوبے میں دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے

  14. بلوچستان میں لاک ڈاؤن کا آغآز، کوئٹہ کے بازار بند، سڑکیں سنسان

    ملک میں کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ اور پنجاب کے بعد بلوچستان میں بھی لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا ہے۔

    نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق لاک ڈاؤن کے پہلے روز صوبے کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ میں بازار بند ہیں جبکہ سڑکوں پر معمول سے انتہائی کم ٹریفک ہے۔

  15. گلگت بلتستان میں لاک ڈاؤن، پولیس اور انتظامیہ کی کارروائیاں

    پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت نے لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ اور پولیس علاقے اس پرعملدرآمد کروانے کے لیے سرگرم دکھائی دے رہی ہے۔

  16. کورونا وائرس: پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لاک ڈاؤن کے مناظر

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے بھی لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں لاک ڈاؤن کے مناظر۔۔۔

  17. پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین، کل تعداد 892 ہو گئی

    پاکستان کے صوبہ پنجاب اور سندھ میں منگل کو کورونا کے نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 892 ہو گئی ہے۔

    پنجاب

    پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے 3 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 249 تک پہنچ گئی ہے۔

    پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے 176 وہ زائرین ہیں جو تفتان سے آئے ہیں جبکہ 51 متاثرہ افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں چھ، گجرات میں پانچ ، جہلم میں تین ، ملتان اور راولپنڈی میں دو، دو جبکہ فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، رحیم یارخان اور سرگودھا میں ایک ایک متاثرہ مریض موجود ہے۔

    سندھ

    صوبہ سندھ بدستور ملک میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں اب تک 399 کیس سامنے آ چکے ہیں۔

    منگل کو صوبے میں مزید پانچ مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    نامہ نگار کریم الاسلام کے مطابق پیر کو صوبے میں جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ان میں سے 39 کا تعلق ان زائرین سے ہے جو ایران سے پاکستان آئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 260 زائرین میں کووڈ-19 کی تصدیق کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ کراچی میں بھی تین نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 133 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 88 افراد ایسے ہیں جن میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا ہے۔ کراچی میں اب تک چار مریض صحت یاب جبکہ ایک ہلاک بھی ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں دادو میں بھی کورونا کا ایک مریض موجود ہے۔

    خیبر پختونخوا

    خیبرپختونخوا میں بھی پیر کو کورونا وائرس کے سات نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 38 ہو گئی جبکہ اب تک تین افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

    نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں میں سے تین کا تعلق پشاور اور دو کا مانسہرہ سے ہے جبکہ ایک ایک مریض بونیر اور کرک میں سامنے آیا ہے۔

    مشیرِ اطلاعات کے مطابق صوبے میں 235 نئے مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک کروائے گئے 120 افراد کے ٹیسٹ کا رزلٹ نیگیٹیو آیا ہے اور 290 کا رزلٹ آنا ابھی باقی ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل میں لائے گئے زائرین میں سے 130 زائرین کے ٹیسٹ کلیئر ہو گئے ہیں جبکہ بقایا کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    اسلام آباد

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید چار مریض سامنے آنے کے بعد یہاں کووڈ-19 کے متاثرین کی تعداد 15 ہو گئی ہے جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 13 زیرِ علاج ہیں۔

    پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پیر کو چار نئے مریضوں کی شناخت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔

    گلگت بلتستان

    گلگت بلتستان میں بھی پیر کو نو افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہاں مریضوں کی تعداد 80 ہو گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق زیادہ تر مریضوں کا تعلق زائرین سے ہے

    اس کے علاوہ بلوچستان میں 110 اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک شخص میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

  18. مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کورونا وائرس سے کیسے بچیں؟

    دنیا بھر میں وبائی شکل اختیار کرنے والا کورونا وائرس کسی کو بھی ہوسکتا ہے لیکن ان لوگوں کو کورونا وائرس سے خطرہ زیادہ ہے جو کہ ضیعف ہیں یا جنھیں پہلے سےصحت کے مسائل ہیں۔

    اگر آپ کو پہلے سے کوئی بیماری یا صحت کے مسائل کا سامنا ہے تو آپ کو یہ سوچ کر پریشانی ہو رہی ہوگی۔ یہاں ہم آپ کو کچھ ماہرینِ صحت کی تجاویز بتا رہے ہیں۔

  19. کورونا وائرس: وبا کے دوران ذہنی صحت کا خیال کیسے رکھنا ہے؟

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس عالمی وبا کے دوران ذہنی حالت پر نقصان دہ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جبکہ ان منفی اثرات سے بچنے کی حکمت عملی بھی بتائی گئی ہے۔