’پاکستان اعلانیہ کارروائی کرتا ہے اور شہریوں کو نشانہ نہیں بناتا‘: افغان طالبان کے الزام پر پاکستانی فوج کا جواب

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کی فوجی کارروائیوں میں عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا اور نہ ہی یہ غیر اعلانیہ ہوتی ہیں۔ یہ بیان افغان طالبان کے اس الزام کے جواب میں دیا گیا ہے جس میں افغانستان کی عبوری حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی طرف سے تین مقامات پر فضائی حملے کیے گئے۔

خلاصہ

  • افغان طالبان کا پاکستان پر فضائی حملوں کا الزام: ’خوست پر حملے میں ایک خاتون اور نو بچے ہلاک ہوئے‘
  • بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، آئی ایس پی آر کا 22 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپریل میں بیجنگ کے دورے کا اعلان: ’چین کے ساتھ ہمارے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں‘
  • یوکرینی صدر کا روس کے ساتھ جنگ بندی کے لیے متنازع امن منصوبے میں مجوزہ تبدیلیوں کا خیر مقدم

لائیو کوریج

  1. پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ میں کیا تفصیلات سامنے آئی ہیں؟

    HQs FC

    پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز پر پیر کو ہونے والے خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہونے والے حملہ آوروں کو مرکزی گیٹ کے 30 سے 40 میٹر کے اندر ہی مار دیا گیا۔

    پولیس کی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کا مقصد لوگوں کو یرغمال بنانا تھا۔

    اس ابتدائی رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ افسران بیٹھتے ہیں اور نفری بھی زیادہ ہوتی ہے۔ پولیس کے مطابق اس وقت ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں پریڈ بھی ہو رہی تھی تاہم ایف سی ہیڈ کوارٹرز کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔

    ’حملہ آور پیدل ایف سی کے ہیڈکوارٹرز تک پہنچا‘

    HQs FC

    ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور پیدل ایف سی ہیڈ کوارٹرزکے گیٹ تک پہنچا۔ اس رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آور نے چادر اوڑھ رکھی تھی اور اس نے مرکزی گیٹ کے ناکے پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے۔ دھماکے کے فوری بعد دو مزید حملہ آور سائیڈ گیٹ سے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں داخل ہوئے، دونوں خودکش حملہ آوروں کے پاس رائفلز اور ہینڈ گرینیڈ بھی تھے۔

    پولیس کی طرف سے تیارہ کردہ اس ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور اندر داخل ہونے کے بعد دائیں جانب موٹر سائیکل سٹینڈ پر پہنچے۔ پولیس کے مطابق ’خودکش حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔‘

  2. وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی الوداعی ملاقات

    Pakistan Army

    ،تصویر کا ذریعہPMO

    وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری کیے جانے والے مختصر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں وزیرِ اعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و قوم کے لیے خدمات کی تعریف کی۔

    ساحر شمشاد مرزا فوج سے 27 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ ساحر شمشاد مرزا فوج کے آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہیں کیونکہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت اب یہ عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔ اس ترمیم میں ایک نیا عہدہ چیف آف ڈیفینس فورسز متعارف کرا گیا ہے جس پر بری فوج کے سربراہ ہی فائز ہوں گے۔

    27 نومبر کے بعد عاصم منیر کے پاس چیف آف ڈیفینس فورسز کے عہدے کا اضافی چارج بھی ہوگا۔

    وفاقی حکومت سمیت اس نئے عہدے کی حمایت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس سے افواج پاکستان میں فیصلہ سازی مزید مربوط ہو گی اور تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھے گی۔ لیکن ان ترامیم پر تنقید کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ ان ترامیم کے نتیجے میں طاقت کا توازن بری فوج (آرمی) کے حق میں ہو گا اور اس سے لامحالہ ایئر فورس اور نیوی میں بے چینی بڑھے گی۔

    بی بی سی نے دفاعی اُمور کے ماہرین سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش ہے کہ ان مجوزہ ترامیم سے کیا تینوں مسلح افواج کے درمیان توازن متاثر ہو گا؟ اور یہ بھی کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کرنے کا کیا مطلب ہو گا؟

  3. ججز ٹرانسفر کیس، آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی اپیل خارج کر دی, شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

    Supreme Court of Pakistan

    ،تصویر کا ذریعہSupreme Court of Pakistan

    وفاقی آئینی عدالت نے ججز ٹرانسفر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی انٹرا کورٹ اپیل خارج کردی ہے۔ جسٹس محسن کیانی جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس اعجاز اسحاق اور جسٹس ثمن رفعت نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔

    وفاقی آئینی عدالت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججزکی درخواست میں انٹراکورٹ اپیل کو سپریم کورٹ واپس بھجوانے کے معاملے پر سماعت ہوئی مگر اس عدالت کے سامنے ان پانچ ججز میں سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر یہ اپیل خارج کر دی۔

    چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بینچ نے ججز ٹرانسفر کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے کوئی عدالت میں پیش نہیں ہوا جس پر عدالت نے ہائیکورٹ کے پانچ ججز کی درخواست خارج کردی۔

    سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے آرٹیکل 200 کے تحت ججز کا تبادلہ کثرت رائے سے درست قرار دیا تھا۔

    آئینی عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز و دیگر انٹراکورٹ اپیلیں مسترد کرکے سپریم کا فیصلہ برقرار رکھا۔

  4. پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر حملہ: پولیس اس دہشتگردی کا خاتمہ کرے گی، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا

    پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ جو پاکستان کا امن خراب کریں گے وہ ہمارے اور پاکستان کے دشمن ہیں اور انھیں یقین ہے کہ پولیس اس دہشتگردی کا خاتمہ کرے گی۔

    پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا یہ حملہ انتہائی افسوسناک ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

    ’دہشتگردوں کا پہلے بھی یہی ارادہ تھا کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان کا امن خراب کیا جائے اور اب بھی وہی ارادہ ہے۔‘

    ایک سوال کے جواب میں کہ کیا ان کی سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ کور کمانڈر اور سکیورٹی اداروں سے کوئی بات چیت ہوئی ہے، سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انھوں نے تمام بریفنگز لی ہوئی ہیں۔

    وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی پولیس کے لیے جدید آلات کا آرڈر دے چکی ہے لیکن بد قسمتی سے اس میں کچھ وقت لگ رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بلٹ پروف گاڑیاں آ چکی ہیں اور حکومت پولیس صلاحیتیں مزید بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔

    ’میں اپنی پولیس کو جتنا جانتا ہوں وہ ہر قسم کی آفات کے لیے تیار ہیں، اور اس کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور انشا اللہ وہ اس دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔‘

  5. پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ

    اسلام آباد ہولیس

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد اسلام آباد میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، شہر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس نے چیکنگ شروع کر دی ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فیض آباد بس اڈے پر مسافروں کے شناختی کارڈ درج کیے جا رہے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ متعلقہ تھانے کو ساتھ ساتھ ڈیٹا فراہم کرتے جائیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اہم سرکاری عمارتوں اور ریڈ زون کی سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

  6. ’ایف سی ہیڈ کوارٹر پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد انسانی اعضا جگہ جگہ سڑک پر پڑے نظر آ رہے تھے‘

    فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز

    صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے شدت پسندوں کے حملے کے بعد جب بی بی سی کی ٹیم موقع پر پہنچی تو انھوں نے دیکھا کہ ایف سی کیمپ کے گیٹ پر خودکش حملہ آور کی باقیات ایک جانب پڑی تھیں جبکہ سڑک پر بھی جگہ جگہ انسانی اعضا پڑے دکھائی دے رہے تھے۔

    بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کا کہنا ہے کہ سڑک پر شیشے کے ٹکڑے بکھرے ہوئے تھے جبکہ ہیڈ کوارٹر کے اندر کلیئرینس آپریشن جاری تھا۔

    ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور کے گنجان آباد علاقے صدر میں سنہری مسجد روڈ پر واقع ہے اور دھماکے کے بعد سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ہر قسم کی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دھماکے کے وقت بیشتر لوگ بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے یا بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ ہیڈ کوارٹر کے ساتھ بیشتر دوکانیں بند تھیں۔

    دوسری جانب، ایف سی ہیڈ کوارٹر میں حملہ آوروں کی جانب سے لائے گئے بارود مواد کو تلف کر دیا گیا ہے اور اس دوران ایک زور دار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ہے۔

    سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے بتایا کہ حملہ آور دستی بم، جدید رائفلز اور دیگر بارودی مواد اپنے ساتھ لائے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی کوشش تھی کہ وہ بیرکس تک جا کر وہاں موجود اہلکاروں کو یرغمال بنا سکیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے اور موقع پر موجود اہلکاروں نے فائرنگ کر کے حملہ آوروں کو گیٹ کے قریب ہی ہلاک کر دیا تھا۔

  7. حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہیثم علی طبطبائی جن کے سر پر 50 لاکھ ڈالرز کا انعام تھا

    ہیثم علی طبطبائی

    ،تصویر کا ذریعہTelegram

    ،تصویر کا کیپشنامریکہ نے ہیثم علی طبطبائی کے سر پر 50 لاکھ ڈالرز کا انعام بھی رکھا تھا۔

    اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مضافات میں ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہیثم علی طبطبائی کو ہلاک کر دیا ہے۔

    حزب اللہ کی جانب سے طبطبائی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے ہیثم علی طبطبائی گروہ کے اندر ایک ’سینئر جہادی رہنما‘ کی حیثیت رکھتے تھے۔

    حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علی طبطبائی کا شمار تحریک کے ان رہنماؤں میں ہوتا تھا جنھوں نے اس کی ابتدائی بنیادیں رکھی تھیں۔

    بی بی سی عربی کے مطابق، 26 اکتوبر 2016 کو امریکی محکمہ خارجہ نے ہیثم علی طبطبائی جنھیں ابو علی طبطبائی کے نام سے بھی جانا جاتا تھا کو ایک ایگزیکٹیو آرڈر کے تحت ’خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد‘ قرار دے دیا تھا۔

    اس نامزدگی کے نتیجے میں، امریکی دائرہ اختیار میں ان کے تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے اور امریکی شہریوں کو ان سے کسی بھی قسم کے لین دین سے منع کر دیا گیا تھا۔

    امریکہ نے ان کے سر پر 50 لاکھ ڈالرز کا انعام بھی رکھا تھا۔

    امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، ’حزب اللہ کے سینئر فوجی رہنما طبطبائی کے بارے میں معلومات فرآہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالرز تک انعام‘ تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، طبطبائی نے شام اور یمن دونوں میں حزب اللہ کی ایلیٹ فورسز کی کمانڈ کی ہے۔

    محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ طبطبائی نے حزب اللہ کی جانب سے ان دونوں ممالک میں جنگجوؤں کی تربیت، سازوسامان اور اہلکار فراہم کرنے کی وسیع تر کوششوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    اسرائیل کے چینل 12 کی خبر کے مطابق، اسرائیل نے جنگ کے دوران دو مرتبہ ابو علی الطبطبائی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی اور بیروت کے مضافات میں ہونے والا حملہ اس سلسلے کی تیسری کارروائی تھی۔

    اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ایک سیاسی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ’اسرائیل نے حملہ کرنے سے پہلے واشنگٹن کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔‘

    اس کے برعکس، امریکی ویب سائٹ ایگزیوز نے ایک سینیئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’اسرائیل نے ہمیں [بیروت کے] جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملے کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی تھی، اور ہمیں اس کے ہونے کے بعد مطلع کیا گیا تھا۔‘

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کارروائیاں تیز کرنے کے منصوبوں سے آگاہ تھا لیکن یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ حملہ کب کیا جائے گا۔

  8. امریکہ اور یوکرین کا ’نئے اور بہتر امن فریم ورک‘ پر اتفاق: ’ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ صدر ٹرمپ کی ٹیم ہماری بات سن رہی ہے‘

    روبیو

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    امریکہ اور یوکرین کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے مذاکرات کاروں کے درمیان ’نئے اور بہتر امن فریم ورک‘ پر اتفاق ہو گیا ہے۔

    اتوار کے روز دونوں ممالک کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں امن منصوبے پر مزید کام جاری رکھا جائے گا۔

    امریکہ اور یوکرین کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں امریکی حمایت یافتہ منصوبے پر بات چیت ’انتہائی نتیجہ خیز‘ رہی ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر ’زبردست پیش رفت‘ ہوئی ہے۔ روس کی جانب سے اس منصوبے کا محتاط انداز میں خیرمقدم کیا جا رہا ہے تاہم کئیو اور یورپی رہنما سمجھتے ہیں کہ یہ منصوبہ کریملن کے لیے بہت زیادہ سازگار ہے۔

    روبیو کا کہنا ہے کہ ’ابھی اس پر کچھ کام کرنا باقی ہے۔‘ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ’ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ صدر [ڈونلڈ] ٹرمپ کی ٹیم ہماری بات سن رہی ہے۔‘

    میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے روبیو کا کہنا تھا کہ جنیوا میں اتوار کا دن مذاکراتی ٹیموں کے لیے ’بہت اچھا‘ رہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات چیت کا بنیادی مقصد 28 نکاتی امریکی منصوبے میں شامل چیزوں کو محدود کرنے کی کوشش کرنا تھا۔ روبیو کے مطابق، فریقین کو اس میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

  9. ایف سی ہیڈکوارٹرز پر شدت پسندوں کا حملہ: ’ایک حملہ آور نے خود کو گیٹ پر اُڑایا جس کے بعد دو دہشت گرد عمارت میں داخل ہوئے‘, عزیز اللہ خان، بی بی سی اُردو، پشاور

    تصویر

    صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے شدت پسندوں کے حملے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    سی سی پی او پشاور نے تین ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

    انھوں نے اس حملے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت آٹھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

    سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے بی بی سی اُردو کو بتایا کہ پیر کی صبح تین حملہ آور ایف سی ہیڈکوارٹرز پہنچے، جہاں پہلے ایک حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اُڑایا جس کے بعد دو حملہ آوروں نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

    سی سی پی او کے مطابق گیٹ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے جس کے بعد دو حملہ آور عمارت میں داخل ہوئے جہاں 15 سے 20 منٹ کے مقابلے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے دونوں مسلح حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا۔

    انھوں نے کہا کہ حملہ آور جدید ہتھیاروں سے لیس تھے جن کے پاس ہیڈ گرینیڈز بھی تھے۔

    انھوں نے کہا کہ اس وقت عمارت میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    سی سی پی او کے مطابق اس حملے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت پانچ سویلین زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں تین اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔

    وزیرِ داخلہ نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

  10. پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز پر شدت پسندوں کا حملہ، تین ایف سی اہلکار ہلاک, عزیز اللہ خان، بی بی سی اُردو، پشاور

    تصویر

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ صدر کے علاقے میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر شدت پسندوں نے حملہ کیا ہے جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے میں تین ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

    پشاور کے پولیس افسر میاں سعید کے مطابق تاحال اس حملے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

    لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم کے مطابق اب تک پانچ زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں جو کہ معمولی زخمی ہوئے ہیں، ہسپتال میں ڈاکٹروں کو بلا لیا گیا ہے اور ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    پشاور صدر میں ایف سی ہیڈ کواٹرر ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے۔ حکام کے مطابق یہ حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا ہے اور یہ وہ وقت تھا جس پر زیادہ تر بچے سکول اور دیگر تعلیمی اداروں کی طرف جا رہے تھے۔

    ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ اس حملے کے بعد علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    ایف سی ہیڈ کوارٹر پشاور کے اہم شاہراہ ’سنہری مسجد روڈ‘ پر واقع ہے اور اس مقام پر پیٹرول پمپ اور دکانیں ہیں جس میں زیادہ تعداد آٹو پارٹس کی ہیں۔

    خیبر پختونخوا میں شدت پسندی کے خلاف جنگ کے دوران پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں پر متعدد حملے ہوئے ہیں۔ اگست 2010 میں ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب ہی ایک خود کش حملے میں اُس وقت کے کمانڈنت صفوت غیور سمیت چار پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  11. ضمنی انتخابات کے غیرحتمی نتائج: لاہور، ہری پور سمیت قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 12 نشستوں پر ن لیگ کامیاب، تحریک انصاف کا دھاندلی کا الزام

    پاکستان میں قومی اسمبلی کی چھ اور پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر جمعے کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام حلقوں کے غیر سرکاری غیرحتمی نتائج جاری کر دیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر تمام 13 حلقوں کے فارم 47 اپلوڈ کر دیے گئے ہیں۔

    غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق، قومی اسمبلی کی تمام چھ نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کامیاب رہی جبکہ صوبائی اسمبلی کی سات میں سے چھ نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ جبکہ ایک پر پاکستان پیپلز پارٹی جیتی ہے۔

    دوسری جانب تحریکِ انصاف کی جانب سے این اے 18 ہری پور اور این اے 129 لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے حماد اظہر نے اتوار کی شب ایک ویڈیو پیغام میں لاہور میں نتائج تبدیل کرنے کے الزامات لگائے تھے جبکہ جماعت کی جانب سے این اے 18 ہری پور میں زبردستی نتائج تبدیل کر کے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے حق میں موڑنے کی کوشش کا الزام لگایا گیا ہے۔

    این اے 18 ہری پور

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 18 ہری پور سے پاکستان مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان 163,996 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والی شہر ناز عمر ایوب کو 120,220 ووٹ ملے۔ شہر ناز قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب کی اہلیہ ہیں۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 753,944 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 317,342 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    این اے 96 فیصل آباد

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 96 فیصل آباد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد بلال بدر 93,009 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے نواب شیر کو 43,025 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ 87 ہزار 124 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ 55 ہزار 363 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    این اے 104 فیصل آباد

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 104 فیصل آباد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے دانیال احمد 52 ہزار 791 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے رانا عدنان جاوید کو 19 ہزار 262 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ 57 ہزار 637 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 73 ہزار 781 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    این اے 129 لاہور

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 129 لاہور سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد نعمان 63 ہزار 441 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے ارسلان احمد کو 29 ہزار 099 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ 58 ہزار 364 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ چار ہزار 232 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    یہ نشست سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد میاں اظہر کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ آٹھ فروری 2024 کے انتخابات میں میاں اظہر نے مسلم لیگ نواز کے حافظ نعمان کو 30 ہزار ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی۔

    ارسلان احمد حماد اظہر کے بھانجے ہیں۔

    این اے 143 ساہیوال

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 143 ساہیوال سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد طفیل ایک لاکھ 19 ہزار 334 ووٹوں کے ساتھ کامیاب رہے جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے ضرار اکبر چوہدری کو محض نو ہزار 462 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد چھ لاکھ 10 ہزار 044 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    این اے 185 ڈیرہ غازی خان

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمود قادر خان 82 ہزار 419 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد خان کھوسہ کو 47 ہزار 266 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد چار لاکھ 18 ہزار 310 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 73 سرگودھا

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 73 سرگودھا سے پاکستان مسلم لیگ ن کے میاں سلطان علی رانجھا نے 71 ہزار 770 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے مہر محسن رضا کو 12 ہزار 970 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 77 ہزار 970 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 95 ہزار 124 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 87 میانوالی

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 87 میانوالی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے علی حیدر نور خان نیازی 67 ہزار 986 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے محمد ایاز خان نیازی کو چھ ہزار 371 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 83 ہزار 272 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 76 ہزار 493 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 98 فیصل آباد

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 98 فیصل آباد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے آزاد علی تبسم 44 ہزار 388 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے وسیم اکرم کو 35 ہزار 246 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 89 ہزار 690 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ چھ ہزار 658 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 115 فیصل آباد

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 115 فیصل آباد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد طاہر پرویز 49 ہزار 046 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے محمد اصغر کو 1898 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 34 ہزار 724 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 53 ہزار 356 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 116 فیصل آباد

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 116 فیصل آباد سے پاکستان مسلم لیگ ن کے احمد شہریار 48 ہزار 824 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے محمد اصغر کو 11 ہزار 429 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 75 ہزار 687 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 63 ہزار 471 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 203 ساہیوال

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 203 ساہیوال سے پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد حنیف 45 ہزار 073 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے فلک شیر کو 10 ہزار 670 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 53 ہزار 810 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز 56 ہزار 873 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

    پی پی 269 مظفر گڑھ

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق، پی پی 269 مظفر گڑھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 55 ہزار 868 ووٹوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آزاد حیثیت میں انتخاب میں حصہ لینے والے محمد اقبال خان کو 46 ہزار 320 ووٹ ملے۔

    اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 28 ہزار 101 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، اتوار کے روز ایک لاکھ 15 ہزار 917 افراد نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

  12. کئی ماہ بعد اسرائیل کا بیروت پر پہلا حملہ، حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہیثم علی الطبطبائی ہلاک

    لبنان بیروت

    ،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

    اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب مضافاتی علاقے میں ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک سینئر عہدیدار کو ہلاک کر دیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کے مطابق، حملے میں مارے جانے والے حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہیثم علی الطبطبائی گروہ کے سینیئر رکن تھے جو کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

    لبنان کے وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 28 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کا نشانہ گنجان آباد علاقے دحیہ میں ایک رہائشی عمارت تھی۔

    حزب اللہ نے ہیثم علی الطبطبائی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے یہ حملہ کر کے حد عبور کر دی ہے۔

    یہ جنوبی بیروت پر کئی ماہ میں پہلا اسرائیلی حملہ ہے۔

    عینی شاہدین نے بی بی سی عربی کو بتایا کہ حملہ بنا کسی پیشگی انتباہ کے اچانک کیا گیا۔

    بی بی سی عربی نے اسرائیلی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ علی الطبطبائی حزب اللہ کی قیادت میں ’دوسرے نمبر پر ہیں۔‘

    اسرائیل نے ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ سے منسلک افراد اور اہداف کے خلاف ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس نومبر میں امریکہ اور فرانس کی ثالثی میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی جو کہ اب تک نافذ ہے۔

    اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ حزب اللہ اپنی عسکری صلاحیتوں کو دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، لبنان میں ہتھیار سمگل کر کے لا رہی ہے اور راکٹوں اور میزائلوں کے متبادل کے طور پر دھماکہ خیز ڈرونز کی تیاری میں اضافہ کر رہی ہے۔

    حملے کے بعد جاری ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ان کی قیادت میں اسرائیل حزب اللہ کو دوبارہ طاقتور اور اسرائیلی ریاست کے لیے خطرہ بننے نہیں دے گی۔

    اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انھیں توقع تھی کہ لبنان کی حکومت ’حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے گی۔‘

    دوسری جانب، لبنان کے صدر جوزف عون نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے - جو اب بھی جنوبی لبنان میں کم از کم پانچ مقامات پر قابض ہے - کہ وہ اپنے حملے روکے اور ملک سے نکل جائے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اقدامات اس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں جس کی وجہ سے 13 ماہ تک جاری رہنے والا تنازع ختم ہوا تھا۔

  13. قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخابات: ووٹوں کی گنتی جاری، تحریکِ انصاف کے لاہور میں دھاندلی کے الزامات

    الیکشن

    پاکستان کی قومی اسمبلی کے چھ اور پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر جمعے کے روز ہونے والے ضمنی انتخابات کی پولنگ کا عمل بروقت مکمل ہونے کے بعد اب گنتی کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب مختلف حلقوں سے غیر سرکاری غیرحتمی نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

    تاحال صرف ایک نشست کا غیر حتمی نتیجہ سامنے آیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی نتیجے کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ محمد نعمان کامیاب ہو گئِے ہیں۔

    فارم 47 کے مطابق اس الیکشن میں حافظ نعمان نے 63441 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار ارسلان احمد 29099 ووٹ حاصل کر سکے۔

    یہ نشست سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد میاں اظہر کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ آٹھ فروری 2024 کے انتخابات میں میاں اظہر نے مسلم لیگ نواز کے حافظ نعمان کو 30 ہزار ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی۔

    لاہور میں تحریکِ انصاف کی جانب سے این اے 129 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات سامنے آئے ہیں اور جماعت کے رہنما حماد اظہر نے اتوار کی شب ایک ویڈیو پیغام میں نتائج تبدیل کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ وہ واحد حلقہ تھا جہاں سے تحریکِ انصاف نے باقاعدہ کسی امیدوار کی حمایت کی تھی۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی ترجمان عالیہ حمزہ نے ایکس پر لکھا کہ سوائے حلقہ این اے 129 کے پاکستان تحریکِ انصاف نے تمام حلقوں میں بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، لہذا ووٹرز پولنگ سٹیشنز کا رُخ نہ کریں۔

    تاحال الیکشن کمیشن کی جانب سے چیچہ وطنی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 143 کا غیرحتمی نتیجہ جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےاس حلقے سے حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد طفیل جٹ کو کامیابی پر مبارکباد دے دی گئی ہے۔

    وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی کا کریڈٹ میاں نواز شریف کے وژن اور جماعت کے کارکنوں کی محنت کو جاتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی صوبے کی ترقی کے لیے کی گئی محنت پر عوام کے اعتماد کی عکاسی ہے۔

    دوسری جانب ضمنی انتخاب کے دیگر حلقوں سے بھی نتائج جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور گنتی کے بعد تمام پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ اور انتخابی سامان آر او آفس پہنچایا جا رہا ہے۔

    الیکشن

    ،تصویر کا ذریعہAPP

    پولنگ پرامن ہوئی: آئی جی پنجاب

    ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کو شاباش کا پیغام بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ انتخابی عمل کے دوران حالات مجموعی طور پر پرامن رہے، کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

    آئی جی پنجاب کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ ٹیموں نے پولنگ سٹیشنز کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائی، پرامن ضمنی انتخابات یقینی بنانے پر پولیس، ٹریفک، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام یونٹس شاباش کی مستحق ہیں۔

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے اِن ضمنی انتخابات کے لیے سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی جس کے تحت فوج اور سول آرمڈ فورسز بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعینات ہوئیں۔

    جبکہ صوبہ پنجاب کی پولیس کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے سکیورٹی کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے۔

    ضمنی انتخابات کیوں ہوئے

    رواں برس اگست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

    سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی نااہل قرار دیے گئے اراکین پارلیمان میں شامل تھے۔

    عمر ایوب کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز اور رائے حیدر علی خان کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے تحریکِ انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی اور رائے محمد مرتضیٰ اقبال کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔

    ضمنی انتخابات کن حلقوں میں ہوئے

    جمعے کو قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوا ان میں این اے 18 ہری پور، این اے 96 فیصل آباد، این اے 104 فیصل آباد، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈیرہ غازی خان اور این اے 129 لاہور شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے سات حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوا جن میں پی پی 73 سرگودھا، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال، پی پی 269 مظفر گڑھ اور پی پی 87 میانوالی شامل ہیں۔

    ان میں سے بیشتر نشستیں رواں برس اگست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

  14. لاہور میں پولیس ہمارے کیمپ اکھاڑ دیتی ہے، کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں: معین قریشی

    لاہور

    ،تصویر کا ذریعہScreenshot

    پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف معین قریشی نے کہا ہے کہ ’ہم جس پولنگ اسٹیشن پر جا رہے پولیس نے وہاں ہمیں کیمپ نہیں لگنے دیے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس اہلکار ان کیمپوں کو اکھاڑ کر ڈونگی گراؤنڈ سمن آباد میں جمع کر رہے ہیں۔

    ان کے مطابق اس وقت ’ووٹر اپنی مدد آپ تحت کیمپ لگا رہے ہیں۔‘

    معین قریشی کا کہنا ہے کہ حلقے میں کارکنوں کے گھروں پر چھاپے پڑ رہے ہیں مگر اس کے باوجود عمران خان کے ووٹرز بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن کا رخ کر رہے ہیں۔

  15. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • اتوار کے روز پاکستان میں قومی اسمبلی کے چھ اور پنجاب اسمبلی کے سات حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہوئے۔
    • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ ختم کرانے کے لیے امریکہ کا مجوزہ منصوبہ یوکرین کے لیے ان کی ’حتمی پیشکش‘ نہیں ہے۔
    • امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا اصرار ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے تجویز کردہ 28 نکاتی منصوبہ امریکہ نے ہی تیار کیا ہے۔
    • ویتنام میں کئی روز سے جاری شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 90 افراد ہلاک جبکہ 12 لاپتہ ہیں۔
    • غزہ کے طبی اور سول ڈیفنس حکام کے مطابق اسرائیل کے متعدد فضائی حملوں میں کم از کم 22 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
  16. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔