مشرقِ وسطیٰ میں برفباری: سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے اکثر ممالک میں برفباری کے مناظر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
’ہر طرف اجلی دھنک، موسم ہوا ہے برف برف، ندی نالے ہی نہیں صحرا بنا ہے برف برف‘
مشرقِ وسطیٰ سے گذشتہ چند روز کے دوران سامنے آنے والی تصاویر اور سوشل میڈیا پر لگنے والی ویڈیوز دیکھنے کے بعد مسعود حساس کا یہی شعر ذہن میں آتا ہے۔
ایک ایسا خطہ جو عام دنوں میں سخت گرمی اور خشک موسم کے باعث جانا جاتا ہے، وہ اب برف کی سفید چادر سے ڈھک چکا ہے۔ لبنان، اردن، فلسطین، اسرائیل، ترکی، عراق اور سعودی عرب میں بھی برفباری کے دلکش مناظر دیکھنے میں آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اکثر افراد کو یہ تصاویر دیکھ کر شاید ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ یہ کوئی انھونی بات ہے، حالانکہ عام طور بھی مشرقِ وسطیٰ کے اکثر علاقوں میں برفباری ہوتی ہے۔
تاہم اکثر افراد نے اس برفباری کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مخالف بات کرنے والے افراد آج کہاں ہیں؟

،تصویر کا ذریعہGetty Images
برف باری کے باعث مشرقِ وسطیٰ کے متعدد علاقوں میں ٹریفک کے مسائل سامنے آئے اور کہیں کووڈ 19 کی ویکسینیشن بھی تعطل کا شکار رہی۔ اسی طرح کچھ ممالک میں تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔
شام کا دارالحکومت دمشق بھی برفباری میں ڈھکا رہا اور ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی صنا کے مطابق کچھ حصوں میں 15 سینٹی میٹر سے بھی زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جہاں شدید گرمی کے باعث سڑکوں پر سراب بنا کرتے تھے، وہاں اب بلڈوزرز سڑک سے برف ہٹاتے دکھائی دیے۔
لبنان میں بھی برفباری تو ہوئی لیکن ساتھ ہی یہاں تیز ہوائیں بھی چلتی رہی ہیں اور ملک کے محکمہ موسمیات کے مطابق یہ برفانی طوفان میں جمعرات کو مزید شدت آ سکتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ادھر اسرائیل اور فلسطین میں برفباری ہوئی اور اسرائیل کے محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں پورے ملک میں موسم سرد رہے گا اور طوفانی بارش کا بھی امکان ہے۔
ایک صارف نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دمشق سے بیروت کی جانب جانے والی برف سے ڈھکی ہوئی سڑک کے مناظر دکھا رہی ہیں۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
ادھر سعودی عرب کے پہاڑی علاقوں میں بھی برفباری کے بعد اکثر افراد سوشل میڈیا پر تبوک شہر میں برفباری کے دوران اونٹوں کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اونٹ بھی اس موسم کو دیکھ کر ابہام کا شکار ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ سعودی عرب کے شہر تبوک میں برفباری ہونا کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ یہ شہر سعودی عرب اور اردن کی سرحد پر واقع ہے اور یہاں پر گذشتہ ماہ بھی برفباری دیکھنے میں آئی تھی۔
سوشل میڈیا پر اکثر افراد اس بات کی جانب بھی توجہ دیتے نظر آئے کہ ہمیں اس گھڑی میں مشرقِ وسطیٰ میں ان جنگ زدہ علاقوں کو نہیں بھولنا چاہیے جہاں برفباری کے باعث لوگ متاثر بھی ہو سکتے ہیں۔










