|
دورۂ انگلینڈ، تربیتی کیمپ شروع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں دورۂ انگلینڈ کے لیئے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا حصہ شروع ہوگیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے لیئے منتخب شدہ سولہ کھلاڑیوں میں سے تیرہ نے پہلے دن تربیت میں حصہ لیا۔ انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلنے والے کھلاڑی محمد آصف اور رانا نوید الحسن نے کیمپ میں رپورٹ نہیں کیا البتہ کوچ باب وولمر کا کہنا تھا کہ وہ ایک دو دن میں کیمپ میں آ جائیں گے۔ کپتان انضمام الحق نے طبیعت کی ناسازی کے سبب تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کی۔ پاکستان کی ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس بھی پیٹ کی خرابی کے سبب کیمپ میں تربیت دینے نہیں آئے۔ پیر سے شروع ہونے والے کیمپ کی خاص بات جنوبی افریقن فیلڈنگ کوچ جونٹی رہوڈز کی پاکستانی ٹیم کو فیلڈنگ تربیت تھی۔ انہوں نےصبح اور شام کے دونوں سیشنز میں کھلاڑیوں کو اچھی فیلڈنگ کےگُر بتائے۔ جونٹی رہوڈز نے کہا کہ انہوں نے آج صرف کھلاڑیوں کو بنیادی تکنیک کے بارے میں بتایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’ آغاز میں کھلاڑی یہ سوچ کر پریشان تھے کہ نہ جانے میں انہیں کیسے سکھاؤں گا لیکن بعد میں وہ خوش تھے‘۔
جونٹی نے کہا کہ ان کا کام مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے یونس خان اور محمد سمیع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کھلاڑی کافی پھرتیلے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم کے کوچ باب وولمر نے کہا کہ انہوں نے کیمپ میں بالنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مناسب تربیت کے لیئے منصوبہ بندی کر لی ہے۔ تربیتی سیشن کے دوران کچھ عرصہ پہلے کندھے کا آپریشن کروانے والے شعیب ملک کافی فٹ دکھائی دیے اور فیلڈنگ کی تربیت لیتے ہوئے انہیں گیند پھینکنے میں کسی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان فٹ شعیب اخترگو کہ انگلینڈ جانے والی پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں لیکن وہ پیر کو کیمپ میں موجود رہے۔ شعیب اختر اس سال کے آغاز سے ہی فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیئے گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ شعیب بڑی لگن اور محنت سے خود کو فٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ چھ ہفتے میں مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ شہریار خان کے مطابق شعیب کا رویہ بھی کافی عرصے سے مثبت ہے لہذا ان کے کانٹریکٹ کی تجدید کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے بائیس کھلاڑیوں کے سنٹرل کانٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے اور اس بار مشکوک بالنگ ایکشن پر ایک سالہ پابندی کی سزا بھگتنے والے شبیر احمد اور سپن بالر ارشد خان کے کانٹریکٹ کی تجدید نہیں کی جا رہی۔ | اسی بارے میں رھوڈز کوچز کی کوچنگ کریں گے10 June, 2006 | کھیل زخمی شعیب کی جگہ شاہد نذیر08 June, 2006 | کھیل ’شعیب انگلینڈ نہیں جا سکیں گے‘07 June, 2006 | کھیل ’انگلینڈ میں جیت کے امکانات ہیں‘07 June, 2006 | کھیل جونٹی رھوڈز پاکستان پہنچ گئے10 June, 2006 | کھیل ٹیم مینیجرظہیر عباس ہونگے06 June, 2006 | کھیل ’وہ کرکٹر جنہیں گھٹنے لے بیٹھے‘03 June, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||