|
انضمام اور تھرڈ امپائر سے اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نےآئی سی سی کی اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے جس کے تحت میچ کے دوران ایمپائر کے کسی بھی فیصلے پر اپیل کرتے ہوئے تھرڈ ایمپائر کو رجوع کیا جا سکتا ہے۔ انضمام کے مطابق اس سے میچ کے دوران درست فیصلے کرنے میں بہت مدد ملےگی۔ فیصلے سے متعلق شکوک و شبہات ختم ہوں گے اور کھلاڑی بھی اپنے متعلق ہونے والے فیصلے پر مطمئن ہوں گے۔ انضمام نے کہا ابھی تو یہ طریقہ کار چمپئنز ٹرافی میں متعارف کیے جا نے کی امید ہے اور ’اگر یہ کامیاب ہوا تو ہی مستقبل میں اس کا استعمال کیا جائے گا تاہم میرے نزدیک یہ اچھا اقدام ہے۔‘ انضمام اس سے پہلے متعدد بار اس کا اظہار کر چکے ہیں کہ رن آؤٹ کی طرح دیگر فیصلوں میں بھی ٹی وی ٹیکنالوجی کا استعمال ہونا چاہیے۔ انضمام نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے کے لیئے لگنے والے کنڈیشنگ کیمپ میں 20 سے 25 کھلاڑیوں کو بلانے کا امکان ہے اور پاکستان اے ٹیم میں حال ہی میں کارکردگی دکھانے والے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا اس کیمپ میں جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاع ہے کہ کیمپ کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہفتے کے روز لاہور میں ہو رہا ہے۔ انضمام الحق کے مطابق کیمپ دو مرحلوں میں ہو گا اور پہلے مرحلے میں فٹنس پر توجہ رہے گی۔ انہوں نہ کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی دوسرے مرحلے میں کیمپ میں شامل ہوں گے۔ فیلڈنگ کوچ کی بابت پاکستانی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ جونٹی روڈز کو بلانا اچھا اقدام ہے کم عرصے ہی کے لیے صحیح اس کی تربیت سے کچھ نا کچھ فائدہ تو ٹیم کو ضرور ہو گا۔ اپنی ذاتی فٹنس کے متعلق انضمام کا کہنا تھا کہ وہ فٹ ہیں اور انگلینڈ کے دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ کچھ مہربان ایسے ہیں جو یہ چاہتے ہیں کہ میں کرکٹ سے الگ ہو جاؤں لیکن یہ ان کی اپنی رائے ہے میرا کام ہے کہ میں کھیلتا رہوں اور بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہوں۔ فاسٹ بالر شعیب اختر کی فٹنس کی بابت انضمام پُر امید ہیں کہ وہ دورہ انگلینڈ کے لیے فٹ ہو جائیں گے اور یہ ٹیم کے لیے بہت اچھا ہو گا۔ انضمام نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے کھلاڑی دونوں طرح کی کرکٹ اچھی کھیلتے ہیں لہذا ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کے لیے الگ الگ ٹیموں کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کو تین بڑے ایونٹس کی میزبانی ملنے کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے انضمام نے کہا کہ اس سے ملک میں کرکٹ کا اور کرکٹ سٹیڈیمز کا معیار بہتر ہو گا۔ انضمام الحق الیون اور ایشین الیون کے درمیان 18 اور 19 مئ کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں دو ایک روزہ میچز کی تجویز ہے۔ انضمام کے مطابق ان میچز کو آرگنائز کرنے کے درپردہ مقصد کرکٹ سے زیادہ عمرے کی سعادت حاصل کرنا ہے اور ’میری خواہش ہے تمام ٹیم وہاں جائے تاکہ سب عمرہ کر سکیں۔‘ |
اسی بارے میں ’میرے خلاف اپیل منفی رویہ تھا‘08 February, 2006 | کھیل ’جسمانی تھکاوٹ حقیقی مسئلہ ہے‘04 May, 2006 | کھیل بدلہ چکانے نہیں جارہے: انضمام15 April, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||