|
بدلہ چکانے نہیں جارہے: انضمام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم ابو ظہبی بھارت کے خلاف کوئی بدلہ چکانے نہیں بلکہ اچھی کرکٹ کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔ پاکستان کی چودہ رکنی ٹیم اتوار کی صبح لاہور سے ابو ظہبی کے لیے روانہ ہو گی جہاں وہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ اٹھارہ اور انیس اپریل کو دو ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ ہفتے کے روز پاکستان کی ٹیم نے نیشنل اکیڈمی لاہور میں پریکٹس کی جس کے بعد انضمام الحق نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’شکست کا بدلہ‘ یا ’ہار کا داغ‘ جیسے الفاظ کو درست نہیں سمجھتے۔ انہوں نہ کہا کہ ’کرکٹ ایک کھیل ہے اور کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے اور لوگوں کو بھی معلوم ہونا چاہیئے کہ پاکستان کی ٹیم ہر میچ تو نہیں جیت سکتی لہذا ہم ون ڈے سیریز میں بھارت اپنی شکست کا بدلہ اتارنے کا نہیں سوچ رہے بلکہ ہماری کوشش ہو گی کہ مثبت کرکٹ کھیلی جائے۔ یہ ایک نئی سیریز ہے اور ہم اسے جیتنے کی کوشش کریں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے میں کسی ٹیم کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا جو اس دن اچھا کھیل جاتا ہے وہی کامیاب ہوتا ہے۔ بھارتی ٹیم کے دو کھلاڑیوں وریندر سہواگ اور محمد کیف کے فارم میں نہ ہونے کے بارے میں انضمام کا کہنا تھا کہ ’ایک دو کھلاڑیوں کے اچھا نہ کھیلنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور ہم نہیں سمجھتے کہ اس سے بھارتی ٹیم کمزور ہو سکتی ہے۔ اور ہمیں جیتنے کے لیے محنت کرنا ہو گی‘۔ انضمام کے مطابق ٹیم کا اوپننگ کمبی نیشن پہلے سے بہتر ہے لڑکے محنت کر رہے ہیں، ’امید ہے کہ یہ مزید اچھی کارکردگی دکھائیں گے‘۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان نے بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والے اوپنر سلمان بٹ کو ٹیم میں نہ رکھنے کے فیصلے کی بابت کہا کہ ابو ظہبی میں چودہ لڑکے لے جائے جا رہے ہیں اور اس دورے میں اگر کوئی شامل نہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے ٹیم سے نکال دیا گیا ہے یا وہ ٹیم کا حصہ نہیں رہا۔ شعیب اختر بھی آج باقی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں موجود تھے ان کے بارے میں انصمام کا کہنا تھا کہ وہ ایک ہفتے میں بالنگ شروع کر رہے ہیں اور امید ہے کہ دورہء انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل ہوں گے۔ انضمام کے مطابق ٹیم کی فیلڈنگ میں کچھ بہتری آئی ہے تاہم ابھی اور محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ’میرے خیال میں فیلڈنگ کوچ کی بہت زیادہ ضرورت نہیں اور اگر کوئی رکھا گیا تو اسے صرف کیمپ میں ہی کھلاڑیوں کی تربیت کرنی چاہیئے‘۔ انضمام نے کہا کہ بھارت سے ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد کھلاڑیوں کو احساس ہوا اور انہوں نے محنت کی جو سری لنکا کے خلاف فتح کا سبب بنی اور اب بھارت کے خلاف بھی وہ اسی احساس کے ساتھ کھیلیں گے اور جیتنے کی کوشش کریں گے۔ | اسی بارے میں ابوظہبی ون ڈے، ٹیم کا اعلان07 April, 2006 | کھیل پاکستان کی ٹیسٹ سیریز میں فتح05 April, 2006 | کھیل ہسپتال کا قیام، انضمام کا خواب 12 February, 2006 | کھیل ’ذمہ داری کا کچھ احساس ہے‘10 March, 2006 | کھیل ورلڈ کپ کی تیاری کا وقت 08 April, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||