|
’تندولکر کو فارم میں آنا ہوگا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے آسٹریلوی کوچ گریگ چیپل ممتاز بیٹسمین سچن تندولکر کے ٹیم میں کردار کو نئی شکل دینے پر غور کر رہے ہیں۔ گریگ چیپل تسلیم کرتے ہیں کہ تندولکر اب ماضی کی طرح نہیں رہے لیکن انہیں بھروسہ ہے کہ تندولکر بین الاقوامی میچوں میں اب بھی بہت کچھ کر دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیپل نے کہا کہ ’تندولکر کو ٹیم میں اپنے رول کے حوالے سے کسی حد تک بحران کا سامنا رہا ہے۔ مجھے ان سے بات کرنی ہوگی کہ وہ کیا کرنا چاہ رہے ہیں۔‘ تندولکر اپنے ہی معیار کے مطابق حالیہ عرصے میں کسی حد تک فارم میں دکھائی نہیں دیئے اور انہیں اس تنقید کا بھی جواب دینا پڑا کہ انہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کر دی ہے۔
دلی سے آسٹریلوی ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے گریگ چیپل نے کہا کہ ’ہر کھلاڑی اپنے کیریئر کے دوران مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’وہ (تندولکر) تقریباً پندرہ برس سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور جس میں سے بیشتر عرصہ وہ غیر معمولی کھلاڑی رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میں ان میں نئی امنگ پیدا کر سکوں گا اور ان کے سامنے نئے چیلنج پیش کر سکوں گا۔‘ سچن تندولکر کو دنیا کا بہترین بیٹسمین تصور کیا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ برس انہیں کہنی کی چوٹ کا سامنا رہا اور اب غالباً وہ اپنی ہی ٹیم میں بہترین بیٹسمین نہیں رہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||