آئی فون ان لاک: ایف بی آئی کی ایک اور پیشکش

 آئی فون

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنایپل کی طرف سے سید فاروق کے آئی فون کو ان لاک نہ کرنے کے اصرار پر بہت بحث ہوئی ہے

امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے سان برنارڈینو کے مبینہ قاتل سید فاروق کے آئی فون کو ان لاک کرنے کے انکشاف کے بعد ایک اور آئی فون کو ان لاک کرنے کی پیشکش کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آرکینسا میں پولیس ایک جوڑے کے قتل کے سلسلے میں دو ٹین ایجرز کے آئی فون اور آئی پوڈ ان لاک کروانا چاہتی ہے۔

ایف بی آئی نے کہا ہے کہ وہ اس قتل کے کیس میں پولیس کی مدد کرے گا۔

سید فاروق اور ان کی اہلیہ کو دسمبر میں اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب انھوں نے مبینہ طور پر 14 افراد کو قتل کر دیا تھا۔

آرکینسا میں جج نے مقدمے کی سماعت کو ملتوی کر دیا تاکہ استغاثہ ایف بی آئی سے مدد لے سکے۔

18 سالہ ہنٹر ڈریسکلے اور 15 سالہ جسٹن سٹیٹن کو گذشتہ جولائی کو رابرٹ اور پیٹرشیا کوگڈل کو کونوے میں ان کے گھر پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جوڑے نے سٹیٹن کی اپنے پوتے کی طرح پرورش کی تھی۔

فالکنر کاؤنٹی کے اٹارنی کوڈی ہلینڈ نے اے پی کو بتایا کہ ’ہم ہمیشہ ہی (ایف بی آئی کے) قانون نافذ کرنے والے مقامی شراکت کاروں کے ساتھ تعاون اور مدد کرنے میں رضامندی کی تعریف کرتے رہے ہیں۔‘

ڈریکسلے کی ایک اٹارنی نے اے پی کو بتایا وہ فون میں ڈیٹا کے متعلق پریشان نہیں ہیں۔

اس سے قبل ایف بی آئی نے ایپل سے کہا تھا کہ وہ ایسا نیا سافٹ ویئر بنائے جس کی مدد فاروق کے آئی فون تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

تاہم کمپنی نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔