نریندر مودی کا فیس بک کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فیس بک کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ہے، اس دوران انھوں نے جدید دنیا میں سوشل میڈیا کی سیاسی طاقت کا خیرمقدم کیا ہے۔
سوالات و جوابات کی ایک تقریب کے دوران انھوں نے دنیا بھر کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا؛ ’آپ سوشل میڈیا سے دور بھاگ کر کچھ حاصل نہیں کرسکتے۔‘
اس موقع پر انھوں نے بھارت میں ٹیکنالوجی کی تعمیر و ترقی کی مہم ’ڈیجیٹل انڈیا‘ کا بھی حوالہ دیا۔
ایک گھنٹہ دورانیے پر مشتمل اس تقریب کے میزبان فیس بک کے بانی مارک زکربرگ تھے۔
مینلو پارک میں منعقدہ اس تقریب میں نریندر مودی نے ہندی میں بات کرتے ہوئے کہا: ’آج سوشل میڈیا کی یہ طاقت ہے کہ وہ حکومتوں کو بتا سکتی ہے کہ وہ کہاں غلط ہیں اور انھیں غلط سمت میں جانے سے روک سکتا ہے۔‘
’ہمارے ہاں ہر پانچ سال بعد انتخابات ہوتے تھے اور اب ایسا ہر پانچ منٹ میں ہوسکتا ہے۔‘
خیال رہے کہ نریندرمودی فیس بک اور ٹویٹر کا باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں۔
سوالات و جوابات کی اس تقریب میں تقریباً 1200 افراد نے شرکت اور اسے فیس بک پر لائیو سٹریم کے ذریعے براہ راست دکھایا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نریندر مودی کا فیس بک ہیڈکوارٹرز کا یہ دورہ ان کا سلیکون ویلی کے دورے کا حصہ تھا جس میں انھوں نے ایپل، گوگل اور دیگر کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداوں کے ملاقات کی ہے۔
پیر کو نریندر مودی نیویارک میں اقوام متحدہ کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں اور توقع کی جارہی ہے وہ امریکی صدر براک اوباما سے بھی ملاقات کریں گے۔







