مودی کی تقریب میں ’دیدی‘ شامل نہیں ہوں گی

،تصویر کا ذریعہAB Corp Ltd
کئی دنوں سے بھارتی میڈیا میں نریندر مودی کے وزیراعظم کے عہدے کی حلف برداری کی تقریب کے سلسلے میں مہمانوں کی فہرست کے بارے میں خبریں دی جا رہی ہیں۔
جہاں جنوبی ایشیائی ممالک کے سربراہ مملکت کو مدعو کیے جانے کی خبریں ہیں وہیں بالی وڈ سے بھی اس تقریب میں مشاہیر کی شرکت کی خبریں دی جا رہی ہیں۔
اس فہرست میں امیتابھ بچن، لتا منگیشکر، سلمان خان اور جنوبی ہند کے سپر سٹار رجنی کانت کی شرکت کی خبریں ہیں لیکن اطلاعات ہیں کہ امیتابھ بچن اس تقریب میں شرکت کے لیے دہلی نہیں آ رہے ہیں۔
بی بی سی کو امیتابھ بچن کی پی آر ٹیم نے بتایا کہ ’امیتابھ کا اس تقریب میں شامل ہونے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔‘
امیتابھ بچن کی پی آر ٹیم نے اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی کہ آیا امیتابھ کو تقریب میں شرکت کی دعوت ملی بھی ہے یا نہیں۔
گذشتہ کچھ برسوں میں امیتابھ بچن اور نریندر مودی کی قربت میں اضافہ ہوا ہے۔ امیتابھ بچن گجرات ٹورزم کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں۔ اس کے پہلے بھی دونوں کی کئی تقاریب ملاقات رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
امیتابھ بچن نے سنہ 2009 میں اپنی فلم ’پا‘ کا پریمیئر گجرات میں کیا تھا، اس وقت نریندر مودی کو اس میں مدعو کیا گیا تھا اور دونوں بڑی گرم جوشی سے ملے تھے۔
اسی طرح برصغیر کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر بھی مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکی نہیں کر رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لتا منگیشکر کے مینیجر پریتم نے بی بی سی کو بتایا: ’لتا دیدی کو مودی جی نے تقریب میں مدعو تو کیا ہے لیکن دیدی اس میں شامل نہیں ہو پائیں گی۔‘
انھوں نے بھی لتا کے عدم شرکت کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ لتا منگیشکر کئی بار عوامی پلیٹ فارم پر نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنی پہلی پسند کے طور پر بتا چکی ہیں۔

گجرات کے تاجر اور مودی کے ساتھی ظفر سریش والا نے بی بی سی کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ مودی کی حلف برداری کی تقریب میں سلمان خان شرکت کر رہے ہیں اور وہ انھیں لینے ایئرپورٹ جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان بھی نریندر مودی کو ایک موثر منتظم تسلیم کرتے ہیں اور اس سال اپنی فلم ’جے ہو‘ کی ریلیز سے پہلے وہ اس کے تشہیر کے سلسلے میں جب احمد آباد گئے تھے تو نریندر مودی سے ملے تھے اور ان کے ساتھ پتنگ بازی بھی کی تھی۔
یاد رہے کہ مسلمانوں کے کئی سرکردہ شخصیات اور رہنماؤں نے سلمان خان پرتنقید بھی کی تھی۔







