بالی وڈ ہوا ’مودیفائیڈ‘ اور ایشوریہ ’ناراض‘ ہوگئیں
بی جے پی کی جیت پر بالی وڈ خوش

بالی وڈ نے نریندر مودی اور بی جے پی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارت روشن مستقبل کی طرف بڑھے گا۔
معروف فلم ساز شیکھر کپور نے ٹویٹ کیا ’جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ ہوا۔ کنبہ پروری کا خاتمہ ہوا۔ نئے مواقعے، نیا بھارت، نئے مستقبل کا وقت آ گیا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ اس موقعے کو ضائع نہیں جانے دیا جائے گا۔‘
اداکارہ پریتی زنٹا نے لکھا: ’صبح سے دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ ہر ہندوستانی نے اپنا ووٹ دے دیا ہے۔ میں اس بات سے خوش ہوں کہ آنے والی حکومت ایک پائیدار حکومت ہو گی۔‘
مشہور گلوکارہ آشا بھونسلے نے لکھا: ’آخرکار ہمیں ایک ایسا وزیر اعظم ملنے والا ہے، جو ہندی بول سکتا ہے۔‘
فلم ساز اور ہدایتکار کرن جوہر نے ٹویٹ کیا: ’بی جے پی سال کی پہلی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ زبردست آغاز ہے جس کا آگے بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
مدھر بھنڈارکر نے ٹویٹ کیا: ’مودی لہر بھرپور قوت سے سامنے آئی۔ نوجوان، روشن بھارت نے اپنا فیصلہ دے دیا۔‘
اداکارہ چترانگدا سنگھ نے لکھا: ’ہم سب آج موديفائیڈ ہو گئے۔ اب ملک انتظار کر رہا ہے کہ حکومت کیسا کام کرتی ہے۔‘
دیپکا اور رنویر بنیں گے ’میاں بیوی‘

،تصویر کا ذریعہBhansali Films
بالی وڈ کی تازہ ہٹ جوڑیوں میں سے ایک اور قریبی دوست رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون ایک فلم میں میاں بیوی کا کردار نبھانے والے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہدایت کار ہومی ادجانيا کی آنے والی فلم ’فائنڈنگ فینی فرنانڈیس‘ میں دیپکا کام کر رہی ہیں اور ان کے شوہر کا کردار رنویر سنگھ ادا کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رنویر کا مختصر سا رول ہے۔
فلم میں رنویر سنگھ کے کام کرنے کے بارے میں دیپکا اتنی خوش ہوئیں کہ انھوں نے فون کر کے رنویر سے فلم کا ٹریلر دیکھنے کی گذارش کی۔
اطلاعات کے مطابق دیپکا چھٹیاں منانے امریکہ جانے والی ہیں اور یہ خبریں بھی ہیں کہ رنویر بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
ایشوریا رائے ہیں ناراض

،تصویر کا ذریعہGetty
معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اپنے قریبی دوست پرہلا ککّڑ سے مبینہ طور پر بے حد ناراض ہیں۔
دراصل پہلے تو پرہلاد نے ایشوریہ رائے سے بات کیے بغیر یہ اعلان کر دیا کہ بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم ’ہیپی اینی ورسري‘ میں ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے بچن ہوں گے۔
بعد میں انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بھی کہہ دیا کہ ایشوریہ ان کی فلم میں ہوں گی لیکن پہلے انھیں اپنا وزن کم کرنا ہوگا۔ یعنی یک نہ شد دو شد۔
اپنے وزن کے بارے میں کھلے عام پرہلاد کے اس طرح سے تبصرہ کرنے سے ایشوریہ کا غصہ بھڑک گیا اور ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اب پرہلاد کی فلم میں کام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
ریکھا کی ’فتور‘

اداکارہ ریکھا ان دنوں فلموں میں کم ہی نظر آ رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کے اور امیتابھ بچن کے ایک ساتھ آنے کی خبر بھی پھیلی تھی جو بعد میں غلط ثابت ہوئی۔
تاہم اب یہ اطلاعات ہیں کہ ریکھا پھر سے بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔
وہ ’راک آن‘ اور ’كائی پو چے‘ فلمیں بنانے والے ہدایتکار ابھیشیک کپور کی اگلی فلم ’فتور‘ میں ایک اہم کردار ادا کریں گی۔
فلم انگریزی ناول نگار چارلز ڈكنس کی کہانی ’دا گریٹ ایکسپیکٹیشنز‘ پر مبنی ہے۔ فلم میں قطرینہ کیف اور آدتیہ رائے کپور بھی ہوں گے۔







