امیتابھ کی دعا اور پولنگ میں غیرحاضر ستارے

بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں۔

رنویر کا کنڈوم اشتہار

رنویر سنگھ کی دیپیکا کے ساتھ حالیہ فلم رام لیلا بہت کامیاب رہی

،تصویر کا ذریعہBhansali Films

،تصویر کا کیپشنرنویر سنگھ کی دیپیکا کے ساتھ حالیہ فلم رام لیلا بہت کامیاب رہی

بالی وڈ کی تاریخ میں شاید ہی کسی ليڈنگ ہیرو نے کبھی کنڈوم کا اشتہار کیا ہو لیکن رنویر سنگھ نے اس روایت کو توڑتے ہوئے ایک کنڈوم کا اشتہار کیا۔

ان کے اس اشتہار کا ویڈیو یو ٹیوب پر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر اس کے متعلق زبردست بحث ہونے لگی۔ بعض افراد نے اسے بہترین قرار دیا تو بعض نے اسے بکواس کہا۔

واضح رہے کہ یو ٹیوب پر اسے بہت زیادہ لوگ دیکھ رہے ہیں اور 24 گھنٹوں کے اندر تقریباً ایک لاکھ افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔

رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ اختلاط کے دوران حفاظتی اقدام کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کے اشتہارات ضروری ہیں۔

پولنگ کے دن غیر حاضر ستارے

پریتی زنٹا جو اپنی ٹیم کنگزالیون پنجاب کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان دنوں یو اے ای میں نظر آتی ہیں وہ بھی ووٹ ڈالنے کے لیے جمعرات کو ممبئی آئیں

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنپریتی زنٹا جو اپنی ٹیم کنگزالیون پنجاب کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان دنوں یو اے ای میں نظر آتی ہیں وہ بھی ووٹ ڈالنے کے لیے جمعرات کو ممبئی آئیں

بھارتی الیکشن کمیشن کی تمام تر کوششوں اور پیغامات کے باوجود جمعرات کو لوک سبھا انتخابات کے لیے فلم نگری ممبئي میں محض 53 فی صد پولنگ ہوسکی۔

جہاں امیتابھ بچن اور ان کے اہل خانہ، شاہ رخ خان، رنبیر کپور، گلزار اور پریتی زنٹا سمیت کئی فنکاروں نے ووٹ دیا تو وہیں کئی دوسرے بڑے سٹارز اس دن غیر حاضر تھے۔

پریتی زنٹا جو اپنی آئی پی ایل ٹیم کنگزالیون پنجاب کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان دنوں متحدہ عرب امارات کے شہروں میں نظر آتی ہیں وہ بھی ووٹ ڈالنے کے لیے جمعرات کو ممبئی آئیں۔

لیکن تمام ٹی وی چینلوں اور دوسرے پلیٹ فارمز پر بے باکی سے اپنی رائے رکھنے والے اور سماجی بیداری کا ثبوت دینے والے نغمہ نگار جاوید اختر اور ان کی اہلیہ اداکارہ اور سماجی کارکن شبانہ اعظمی وہاں نظر نہیں آئے۔ وہ دو دن پہلے ہی امریکہ کے فلوریڈا میں ہونے والے آئیفا کی تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔

ان کے علاوہ اداکارہ دیپکا پاڈوکون بھی ووٹ نہیں ڈال سکیں حالانکہ انھوں نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے بعد ہی آئیفا جائیں گی۔

سلمان خان، انیل کپور، سوناکشی سنہا، سیف علی خان، مادھوری ڈکشیت اور رتیک روشن جیسے اداکار بھی اس روز ممبئی سے غیر حاضر رہے اور انھوں نے بھی ووٹ نہیں ڈالے۔

اپنے منہ میاں مٹھو

کیا ریوالور رانی کوئن سے بہتر ثابت ہوگی

،تصویر کا ذریعہRevolver Rani

،تصویر کا کیپشنکیا ریوالور رانی کوئن سے بہتر ثابت ہوگی

جب سے کوئن فلم میں کنگنا راناوت کی اداکاری کی چہار جانب سے پزیرائی ہوئی ہے تب سے کنگنا اپنے آپ میں پھولے نہیں سمار رہی ہیں۔

اس سرخوشی کے عالم میں وہ اپنی تعریف آپ ہی کیے جا رہی ہیں۔

اس ہفتے ان کی نئی فلم ریوالور رانی ریلیز ہوئی ہے تاہم ان کی کوئین کی کامیابی کا چرچا ابھی معدوم ہوتا نظر نہیں آتا۔

خود اپنی تعریف میں کنگنا کہتی ہیں کہ گینگسٹر سے میں نے اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی اور اب مجھے اداکاری کرتے ہوئے آٹھ سال ہو گئے۔ اب میری جو پرفارمنس کوئین یا دیگر فلموں میں نظر آتی ہے وہ کافی منجھي ہوئی ہے۔اس سے پہلے آپ ایک ناتجربہ کار اداکارہ سے ایسے کام کی توقع نہیں کر سکتے تھے۔ یہ میری آٹھ سال کی تپسیا (سخت ریاض اور مشق) کا نتیجہ ہے۔

کنگنا کی نئی فلم ریوالور رانی میں ان کا کردار کوئین کے کردار سے بالکل مختلف ہے۔ اس فلم کی ہدایت سائیں کبیر شریواستو نے دی ہے۔

مانگی تھی اک دعا جو قبول ہو گئی

اس سے قبل بھوت ناتھ میں امیتابھ کے ساتھ شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ تھے

،تصویر کا ذریعہB R Films

،تصویر کا کیپشناس سے قبل بھوت ناتھ میں امیتابھ کے ساتھ شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ تھے

فلم بھوت ناتھ کے سيكوئل بھوت ناتھ ریٹرن کو لوگوں نے بہت پسند کیا اور یہ ناقدین کے ہاتھوں بھی بچ گئي یعنی فلم کامیاب رہی۔

حال ہی میں امیتابھ بچن سے جب فلم کی کامیابی کے بارے میں بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا: ’میں نے خدا سے یہ درخواست کی تھی کہ فنکاروں کے لیے نہیں، لوگوں کے لیے نہیں، ہدایت کاروں کے لیے نہیں، لیکن فلم ساز روی چوپڑہ کے لیے یہ فلم کامیاب ہو جائے اور میری آرزو پوری ہو گئی ہے۔‘

روی چوپڑہ فلم ساز اور ہدایت کار بی آر چوپڑہ کے بیٹے اور یش چوپڑہ کے بھتیجے ہیں اور گذشتہ کچھ عرصے سے بیمار ہیں۔