روسی سرحد کے قریب یوکرینی طیارہ تباہ

،تصویر کا ذریعہAFP
یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں روسی سرحد کے قریب اس کے ایک مال بردار فوجی جہاز کو مار گرایا گیا ہے۔
اس علاقے میں یوکرین کی فوج اور روس نواز علیحدگی پسندوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اے این -26 طیارے کو ساڑھے چھ ہزار فٹ کی اونچائی پر اڑتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔
طیارے کو ’ایک طاقتور میزائل‘ کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا جو ’ممکنہ طور پر روس سے داغا گیا تھا‘۔ اطلاعات کے مطابق عملے کے ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔
روس کی طرف سے اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
دوسری طرف نیٹو نے کہا ہے کہ یوکرین کی سرحد کے قریب روسی فوجیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
نیٹو کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے سرحد کے قریب روسی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح وہاں تعینات فوجیوں کی تعداد 12 ہزار تک ہو گئی ہے۔ روس اس بات سے انکار کرتا ہے کہ وہ یوکرین کے علیحدگی پسندوں کی حمایت کرتا ہے یا انھیں ہتھیار مہیا کرتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روس نے یورپی سلامتی اور تعاون کی تنظیم کے حکام کو یوکرین سے لگنے والی اپنی سرحد کی نگرانی کرنے کے لیے مدعو کیا ہے۔
یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینكو کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے این -26 طیارے اس علاقے میں دہشت گرد مخالف مہم میں حصہ لے رہا تھا۔







