چین: تھری ڈی پرنٹر سے ایک دن میں مکان تیار

سستے تعمیراتی مواد اور مزدوروں کے بغیر یہ گھر 24 گھنٹے میں تیار ہوا

،تصویر کا ذریعہ3D PRINTER PLANS

،تصویر کا کیپشنسستے تعمیراتی مواد اور مزدوروں کے بغیر یہ گھر 24 گھنٹے میں تیار ہوا

ایک چینی کمپنی نے تھری ڈی پرنٹرکی مدد سے پرنٹ کر کے دس نئے مکانات تیار کیے ہیں۔

ون سن نامی اس نجی کمپنی نے یہ ایک منزلہ گھر 10 ضرب 6 میٹر سائز کے چار پرنٹروں کی مدد سےتعمیر کیے۔

چینی خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق کمپنی نے سیمنٹ اور دیگر تعمیری سامان سپرے کر کے گھر کی دیواریں تعمیر کیں۔

سستے تعمیراتی سامان اور مزدوروں کے بغیر 24 گھنٹے میں تعمیر کیے گئے ان گھروں کی تعمیراتی قیمت فی گھر پانچ ہزار ڈالر ہے۔

ون سن کمپنی کے سربراہ ما یئی نے شن ہوا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’ہم کسی بھی صارف کے ذاتی طور پر ڈیزائن کردہ گھر بھی تعمیر کر سکتے ہیں۔ یہ گھر نہ صرف بہت تیزی سے مکمل ہوں گے، بلکہ یہ انتہائی سستے بھی ہوں گے۔‘

ان کے مطابق عنقریب ان کی کمپنی بڑی عمارتیں بھی بنانے کے قابل ہو جائے گی۔

چین میں تعمیراتی قانون فی الوقت صرف ایک منزلہ تھری ڈی گھر تعمیر کرنے کی اِجازت دیتا ہے۔

تھری ڈی پرنٹر سے پرنٹ کیے جانے مواد کو حالیہ عرصے میں خاصی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں مختلف کمپنیاں اب اس ٹیکنالوجی کی مدد سے زیور، فرنیچر، اسلحہ یہاں تک کہ موبائل فون بھی تیار کر رہی ہیں۔