نتن یاہو مشرق وسطی میں امن خراب کر رہے ہیں: کیون روڈ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم کیون روڈ نے اسرائیل کے وزیراعظم مسٹر نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں امن مذاکرات کو ’خراب‘ کر رہے ہیں۔
نتن یاہو پہلے اسرائیلی وزیراعظم ہیں جو آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔ اس سے قبل انھوں نے مسٹر روڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جن کے خیال میں آسٹریلیا کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنا چاہیے۔
فیس بک پر تمسخر اڑاتے ہوئے مسٹر روڈ نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکہ کے امن مذاکرات کو اکثر اپنا موقف بدل کر آخری وقت میں ثبوتاژ کیا ہے۔
ابھی نتن یاہو نے ان کے اس تنقیدی بیان پر اپنا ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔ تاہم اس سے پہلے انھوں نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کا فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا ’اسرائیل کی تباہی کی کال` ہو گی۔
یاد رہے کہ اس وقت اسرائیل کے وزیراعظم آسٹریلیا کے چار روزہ دورے پر ہیں اور ان کے ہم منصب مسٹر میلکولم ٹرنبل ان کی میزبانی کر رہے ہیں۔
ٹرنبل نے مسٹر نتن یاہو سے بدھ کو ہونے والی ملاقات میں کہا کہ اسرائیلی قوم حیرت انگیز ہے۔ اس موقع پر اسرائیل کے وزیراعظم نے اپنے ملک کے خلاف اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت نہ کرنے پر آسٹریلیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن دوسری جانب آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود طویل عرصے تک اسرائیل کے حامی رہے ہیں اور انھوں نے یہودیوں کےحق میں عومی سطح پر مہم بھی چلائی تاہم ' اسرائیلی ریاست کی حمایت کا مطلب مسٹر نتین یاہو کی ہر پالیسی کی خودبخود حمایت نہیں۔'
سابق وزیراعظم نے سنہ 2010 کے ایک سفارتی واقعے کا حوالہ بھی دیا جس میں دبئی میں حماس کے ایک رہنما کے قتل میں چار بوگس آسٹریلیوی پاسپورٹ استعمال ہوئے تھے اور اس کے بعد مسٹر روڈ کی حکومت نے اسرائیلی سفارتکار کو ملک سے نکال دیا تھا۔
مسٹر روڈ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے بعد سے کبھی معافی بھی نہیں مانگی گئی۔
توقع ہے کہ مسٹر نتن یاہو کے دورے کے خلاف ہونے والے مظآہرے جمعرات کو سڈنی میں ہوں گے۔








