Monday, 27 November, 2006, 15:28 GMT 20:28 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
محمد یوسف نے ایک ’ کیلنڈر ایئر‘ کے دوران سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد کہا ہے کہ وہ ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑنے کے باوجود ان جیسے نہیں بن سکتے۔
محمد یوسف نے اس سال آٹھ سنچریاں بناکر ایک سال میں سب سے زیادہ سات سنچریاں بنانے کا ویوین رچرڈز اور اروندا ڈی سلوا کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے، جبکہ وہ سال میں سب سے زیادہ 1710 رنز کا ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑنے کے بھی بہت قریب ہیں۔
محمد یوسف نے کراچی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر کہا کہ ان کا کسی طور بھی ویوین رچرڈز سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ رچرڈز اس صدی کے بہت بڑے بیٹسمین ہیں اور وہ رچرڈز نہیں بن سکتے۔
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویوین رچرڈز کو بیٹنگ کرتے دیکھا ہے، وہ بہت آسانی سے مضبوط سے مضبوط بولنگ پر حاوی ہوجاتے تھے۔
محمد یوسف سے پوچھا گیا کہ وہ کس بیٹسمین سے متاثر ہیں تو انہوں نے جاوید میانداد کا نام لیا۔
تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری کے باوجود نیشنل سٹیڈیم کی وکٹ کے بارے میں محمد یوسف کا کہنا ہے کہ یہ بیٹنگ کے لیے آسان وکٹ نہیں ہے گیند پہلے دن سے نیچے رہ رہی ہے۔
محمد یوسف لاہور کے پہلے ٹیسٹ کی وکٹ سے بھی خوش نہیں تھے لیکن ان کا کہنا ہے کہ آج کل ہر جگہ ایسی ہی وکٹیں بن رہی ہیں جن پر بیٹسمین چھاجاتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف موجودہ سیریز میں محمد یوسف541 رنز بناچکے ہیں جن میں تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔