 |  بھارت گزشتہ سال اپنے دورے کے دوران کراچی اور پشاور میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا |
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کرائے جانے کا مسئلہ حل کرانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کوشش شروع کر دی ہے۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز سے مستقل رابطے میں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ماہ کے آخری سے شروع ہونے والے اپنے تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کھیلنے پر معذرت کی تھی۔ پاکستان نے احمد آباد میں جہاں سن دو ہزار دو میں ہندو مسلم فساد میں دو ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کے بارے میں بھارت کے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا تھا۔ احمد آباد میں ہی پاکستان ٹیم کے گزشتہ دورے کے دوران پاکستان کھلاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا تھا اور پاکستانی فیلڈروں کو ہیلمٹ پھن کر فیلڈنگ کرنا پڑی تھی۔ آئی سی سی کے صدر احسان مانی نے بی بی سی کو بتایا کہ اس طرح کے مسائل نہیں اٹھنے چاہیں۔ تاہم انہوں نے کہا وہ پس پردہ دونوں ملک کے کرکٹ حکام سے بات چیت کر رہے ہیں اور اس مسئلہ کا جلد ہی کوئی حل نکال لیا جائے گا۔ گزشتہ سال بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بھی اس قسم کی صورت حال پیدا ہو گئی تھی جب بھارت نے کراچی میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارت کے انکار کے بعد کراچی میں ایک روزہ میچ منعقد کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو میچ نشر کرنے کے حقوق اور دورہ کی تفصیلات کو بہت پہلے حل کرلینا چاہیے تھا لیکن بعض قانونی مشکلات کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکا۔ بھارت کا کرکٹ بورڈ کسی نشریاتی ادارے کو میچ نشر کرنے کے حقوق سپریم کورٹ میں زی ٹی وی کی پٹیشن پر سماعت مکمل ہوجانے تک تقویض نہیں کر سکتا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم چھ سال بعد بھارت کے دورے کا آغاز پچیس فروری سے کرے گی۔ بھارت کے کرکٹ بورڈ نے احمد آباد میں بارہ مارچ سے دوسرا ٹیسٹ میچ کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔ احسان مانی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بھارت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ کے دورہ پاکستان کے دوران یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نٹور سنگھ کی پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں یہ مسئلہ بھی زیر بحث آئے گا اور امید ہے کہ اس کا کوئی حل نکال لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کا مسئلہ حکومت کو ہی حل کرنا چاہیے۔ دریں اثناء آئی سی سی دبئی کے حکام سے دبئی میں اپنے دفاتر منتقل کرنے کے بارے میں بات چیت کر رہی ہے۔ آئی سی سی کا صدر دفتر لندن سے دبئی منتقل کرنے کا معاملہ جولائی تک طے پا جائے گا۔ |