بلال آصف ون ڈے ٹیم میں بھی شامل

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی بلال آصف کو ون ڈے سیریز میں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ تھے اور دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر انہیں کپتان شاہد آفریدی اور سہیل تنویر کے ساتھ وطن واپس آنا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر ون ڈے ٹیم میں سولہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کرلیاہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بلال آصف کے معاملے میں سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق سے بھی بات کی ہے جن کا یہ خیال ہے کہ بلال آصف چونکہ آف اسپنر ہیں اور اس وقت محمد حفیظ پر عائد پابندی کے سبب پاکستانی ٹیم کے پاس کوئی آف اسپنر نہیں ہے لہذا بہتر یہی ہے کہ بلال آصف کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں آزمایا جائے تاکہ ان کی آف اسپن بولنگ کا اندازہ ہوسکے اور اگر ضروری ہو تو انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سولہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جاسکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف کھیلنے والی پاکستان اے ٹیم میں دو لیفٹ آرم اسپنرز شامل کررکھے ہیں جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ میں لیگ اسپنر یاسرشاہ اور لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر کو شامل کیا گیا ہے۔
بلال آصف اس سے قبل سری لنکا کے دورے میں بھی شامل تھے لیکن کوئی میچ کھیلے بغیر وطن واپس آگئے تھے۔
زمبابوے کے موجودہ دورے میں بلال آصف سے پہلے عامریامین کو بھی ون ڈے سیریز کے لیے برقرار رکھا جاچکا ہے جو پہلے صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ تھے لیکن کسی میچ میں نہیں کھیل سکے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کے روز کھیلاجائے گا۔



