میتھیوز کی سنچری رائیگاں، ٹیسٹ اور سیریز بھارت کے نام

منگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں گریں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمنگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں گریں

کولمبو میں بھارت نے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا کو 117 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔

اس میچ میں بھارت نے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 386 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 268 رنز ہی بنا سکی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ دیکھنے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/ECKP90161" platform="highweb"/></link>

سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے شاندار سنچری سکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

منگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں گریں۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد میتھیوز نے کشال پریرا کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور چھٹی وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ نصف سنچری بنانے والے پریرا کی وکٹ گرنے پر ہوا جو 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے جانے کے بعد جلد ہی میتھیوز بھی 110 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اینجلو میتھیوز نے زبردست دباؤ میں شاندار سنچری سکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناینجلو میتھیوز نے زبردست دباؤ میں شاندار سنچری سکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے

سری لنکا کا لوئر آرڈر بھی زیادہ دیر جم نہ سکا اور پوری ٹیم اننگز کے 85ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔

دوسری اننگز میں بھارت کے لیے روی چندرن ایشون چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔

ان کے علاوہ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے ایشانت شرما نے تین، امیش یادو نے دو جبکہ امت مشرا نے ایک سری لنکن بلے باز کو آؤٹ کیا۔

کولمبو ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں چیتیشور پجارا کی عمدہ سنچری کی بدولت 312 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح بھارت کو پہلی اننگز میں 111 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

اس فتح کے نتیجے میں بھارت نے ٹیسٹ سیریز بھی ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے جیت لی ہے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔

اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔