’آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام دبئی
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز کی شکست کے بعد زیادہ شور مچا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم نہیں ہے اور وہ اچھا نہیں کھیل رہی ہے لیکن انہیں اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے۔
وقاریونس نے پیر کے روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کہا کہ پاکستانی ٹیم کا بولنگ اٹیک نسبتاً ناتجربہ کار ہے لیکن اس میں توانائی موجود ہے اور وہ آسٹریلوی بیٹسمینوں کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سعید اجمل اور جنید خان کا نہ ہونا یقیناً ایک دھچکہ ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ ان کے نہ ہونے سے حوصلہ ہار دیا جائے۔
وقاریونس نے کہا کہ پاکستان اے کے خلاف چار روزہ میچ میں انھوں نے آسٹریلوی ٹیم کی کچھ کمزوریاں دیکھی ہیں جنہیں ٹیسٹ سیریز میں ایکسپوز کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسرشاہ دوسال قبل زمبابوے کے دورے میں ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی کھیلے تھے اس کے بعد سے انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی وجہ سے وہ دوبارہ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ وہ اچھے بولر ہیں اور ان دنوں پہلے کے مقابلے میں زیادہ اسپن کررہے ہیں۔ اسی طرح راحت علی کی بولنگ میں بہتری آئی ہے۔ عمران خان نئے لیکن پراعتماد بولر ہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ آسٹریلوی بولر مچل جانسن یقیناً پاکستانی بیٹسمینوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوں گے۔انہیں سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔ مچل جانسن کی بولنگ پہلے کے مقابلے میں اب بہت مختلف اور انتہائی موثر ہوچکی ہے۔
وقاریونس نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی حالیہ فتوحات میں مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ کا اہم کردار رہا ہے لیکن آخری سیریز میں وہ اچھی بیٹنگ نہ کرسکے جس کی ٹیم توقع کررہی تھی تاہم انہیں امید ہے کہ وہ جس طرح محنت کررہے ہیں وہ اس مشکل سے نکل آئیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وقاریونس نے کہا کہ آخر ٹیم کب تک صرف مصباح الحق اور یونس خان پر ہی انحصار کرتی رہے گی اوریہ دونوں آخر کب تک کھیلتے رہیں گے لہذا دیگر بیٹسمینوں کو بھی اپنی ذمہ داری محسوس کرنی ہوگی۔

،تصویر کا ذریعہReuters







