گواسکر کو بی سی سی آئی کا عبوری صدر بنانے کی تجویز

سوپریم کورٹ کی تجاویز میں سری نواسن کا عہدہ چھوڑنے کی بات بھی شامل ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسوپریم کورٹ کی تجاویز میں سری نواسن کا عہدہ چھوڑنے کی بات بھی شامل ہے

بھارت کی سپریم کورٹ نے کرکٹ کنٹرول بورڈ کے صدر این سری نواسن کو ہٹاکر یہ عہدہ عبوری طور پر سابق کپتان سنیل گواسکر کے سپرد کرنے اور سپاٹ فکسنگ کے الزامات کی زد میں آنے والی انڈین پریمئر لیگ کی دو بڑی ٹیموں راجستھان رائلز اور چینّئی سوپر کنگز کو ٹورنامنٹ سے باہر رکھنے کی تجویز دی ہے۔

عدالت آئی پی ایل میں سٹے بازی اور سپاٹ فکسنگ سے متلعق کیس میں فریقوں کے آخری دلائل سننے کے بعد جمعہ کو عارضی حکم صادرکرے گی۔

لیکن مسٹر سری نواسن کے مستقبل پر سماعت اب سولہ اپریل کو ہوگی۔

گذشتہ برس آئی پی ایل کے فوراً بعد دہلی اور ممبئی کی پولیس نے میچوں کے دوران سپاٹ فکسنگ اور بڑے پیمانے پر سٹے بازی کے الزامات لگائے تھے اور اس سلسلے میں چینّئی سوپر کنگز کے فاسٹ بولر سری سنت اور مسٹر سری نواسن کے داماد گروناتھ میپّن سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا تھا۔ یہ سبھی لوگ اب ضمانت پر رہا ہیں۔

گرفتار کیے جانے والے کھلاڑیوں میں راجستھان رائلز کے کھلاڑی بھی شامل تھے اور ٹیم کے مالکان راج کندرا اور شلپا شیٹی سے بھی سی بی آئی نےپوچھ گچھ کی تھی۔

سنیل گاوسکر اپنے زمانے کے مایہ ناز بلے باز مانے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسنیل گاوسکر اپنے زمانے کے مایہ ناز بلے باز مانے جاتے ہیں

عدالت نے کہا ہے کہ جب تک بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن اپنے عہدے پر فائز ہیں ان الزامات کی آزادانہ انکوائری ممکن نہیں ہے۔ سری نواسن چینّئی سوپر کنگز کو کنٹرول کرنے والی کمپنی انڈیا سیمنٹس کے مالک بھی ہیں۔ اسی پس منظر میں عبوری صدر کے طور پر سنیل گواسکر کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

منگل کو اس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے این سری نواسن کو مستعفی ہونے کے لیے دو دن کا وقت دیا تھا۔ لیکن انھوں نے بورڈ کے کئی دیگر اعلی اہلکاروں کے دباؤ کے باوجود عدالت کی خواہش پر عمل نہیں کیا تھا۔

عدالت نے اپنے ’عارضی مجوزہ حکم‘ میں یہ تجویز بھی دی کہ این سری نواسن کی کمپنی انڈیا سیمنٹس کے جتنے بھی اہلکار بی سی سی آئی میں کام کرتے ہیں انھیں ہٹادیا جائے۔