انگلینڈ کو آسٹریلیا پر 15 رنز کی برتری

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنا لیے ہیں اور اسے آسٹریلیا پر 15 رنز کی برتری حاصل ہے۔
جب کھیل ختم ہوا تو کپتان الیسٹر کک اور کیون پیٹرسن کریز پر موجود تھے اور ان دونوں کے درمیان 69 رنز کی شراکت ہو چکی ہے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87719" platform="highweb"/></link>
دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے انگلش بلے باز جوائے روٹ اور جوناتھن ٹراٹ تھے جنہیں مچل سٹارک نے یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جمعرات کو کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم ایشٹن اگر اور فل ہیوز کی ریکارڈ شراکت کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے انگلینڈ پر 65 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے انیس سالہ ایشٹن اگر نے گیارہویں نمبر پر کھیلتے ہوئے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ ان کا ساتھ دینے والے فل ہیوز 81 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ناٹنگھم میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے چار وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز سے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو انگلش بولروں نے پہلے سیشن میں مزید پانچ آسٹریلوی وکٹیں حاصل کر لیں۔
ایک موقع پر آسٹریلیا کا سکور نو وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز تھا اور یوں لگتا تھا کہ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں ایک قابلِ ذکر برتری حاصل کر لے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم اس موقع پر گیارہویں نمبر پر بلے بازی کرنے کے لیے آنے والے نوجوان آف سپنر ایشن اگر نے عمدہ بلے بازی کی اور فل ہیوز کے ساتھ مل کر دسویں وکٹ کے لیے ایک سو تریسٹھ رنز کی شراکت قائم کی ہے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

آسٹریلوی اننگز میں ان دونوں کے علاوہ قابلِ ذکر اننگز سٹیون سمتھ نے کھیلی جو 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا جنہوں نے اننگز میں پانچ وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ گریم سوان اور سٹیون فن نے دو، دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل میچ کے پہلے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 215 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے جوناتھن ٹراٹ نے9 چوکوں کی مدد سے 48 اور جونی بیرسٹو نے 7 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔
ان دونوں کے علاوہ انگلینڈ کے دیگر بلے باز نمایاں کاررکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 5، جیمز پیٹنسن نے 3 اور مچل سٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بدھ کو شروع ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔







