کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ: کولن منرو اور عثمان خواجہ کی دھواں دھار بیٹنگ، صرف 10 اوورز میں میچ تمام کر دیا

،تصویر کا ذریعہiSlamabad United
پاکستان سپر لیگ میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد نے صرف 10 اوورز میں ہی ہدف حاصل کر کے شائقین اور کرکٹ نقادوں کو حیران کر دیا ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 133 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 137 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے صرف 36 گیندوں پر 90 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیتنے کے امکانات کو ختم کر کے رکھ دیا۔
اُن کا ساتھ عثمان خواجہ نے دیا جنھوں نے 27 گیندوں پر 40 رنز بنائے اور یوں اسلام آباد نے 10 وکٹوں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ کر رکھ دیا۔
اسلام آباد کے بولرز میں سے حسن علی، محمد وسیم اور محمد موسیٰ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عاکف جاوید اور شاداب خان نے ایک ایک بیٹسمین کو اپنا شکار بنایا۔ کوئٹہ کے بولرز اسلام آباد کو صرف رنز دے پائے اور بدلے میں کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سوشل میڈیا پر صارفین کا ردِ عمل
میچ کے اختتام کے بعد سوشل میڈیا صارفین جہاں اسلام آباد کی فتح پر جشن مناتے ہوئے نظر آئے تو وہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کی پریشان تاثرات والی تصاویر بھی موضوعِ گفتگو رہیں۔
عبدالماجد ہمایوں نے اسلام آباد کی جانب سے ہدف ریکارڈ دورانیے میں حاصل کرنے پر طنزیہ انداز میں لکھا کہ اسلام آباد والوں نے جلدی سونا تھا، اس لیے میچ جلدی ختم کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@majidhumayun
سیموئیل نامی صارف نے لکھا کہ ایک وقت تھا کہ ہر چیز سرفراز احمد کے حق میں جاتی تھی مگر اب لگتا ہے کہ حالات اُن کے خلاف ہو گئے ہیں۔ سخت کوشش کے باوجود وہ مسلسل ناکام ہو رہے ہیں اور کچھ بھی اُن کے حق میں نہیں جا رہا۔ اسی لیے آپ کو اپنی قسمت کو استحقاق نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ اسے بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@_thatguy77
حیات نے سرفراز احمد کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے تاسف کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے سرفراز احمد کو کہا کہ وہ اس موقع پر بھی مضبوط رہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@pakistanikiz
ایک اور صارف نے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پے در پے شکستوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ان دونوں ٹیموں کی آپس میں ایک لیگ منعقد کروا دینی چاہیے۔ کوئی تو جیت ہی جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@obnoxiousbrat
خدیجہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کی شاندار کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم پچ پر کام نہیں کرتے بلکہ پچ ہمارے لیے کام کرتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@khadija_hon
زینب نے لکھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب اگر آخری چار میچ جیت بھی جائیں تب بھی وہ برے مجموعی رن ریٹ کی وجہ سے شاید آخر میں ہی رہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ نسیم شاہ کی فارم سب کے لیے خدشے کا باعث ہونی چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/@zainubrazvi









