پی ایس ایل: اے بی ڈی ویلیئرز پاکستان نہیں آ رہے

،تصویر کا ذریعہAFP / Getty
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر اے بی ڈیویلیئرز چوٹ کی وجہ سے پاکستان میں پی ایس ایل کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اس بات کا اعلان ان کی ٹیم لاہور قلندرز کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں کیا گیا ہے۔
ڈی ویلیئرز اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں اور لاہور کی ٹیم کو ان سے بہت توقعات تھیں۔
لاہور قلندرز کے مطابق پہلے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ڈی ویلیئرز لیگ کے آخری دو میچ کھیلنے کے لیے واپس آئیں گے مگر کمر درد کے پیشِ نظر ڈاکٹرز نے انھیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے اپنے بیان میں کہا ہے ’لاہور قلندر اور اس کے پرستاروں کے لیے یہ ایک مایوس کُن خبر ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز پاکستان میں ہونے والے پی ایس ایل میچ نہیں کھیل پائیں گے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ وہ ایک حیرت انگیز کھلاڑی اور شاندار انسان ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
ان کا مزید کہنا تھا کہ متبادل کھلاڑی کے بارے میں اگر کوئی بھی اپ ڈیٹ ہوئی تو بروقت اطلاع دے دی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اے بی ڈی ویلیئرز نے اس اعلان کے بعد کہا ہے کہ وہ بہت مایوس ہیں کہ پاکستانی کرکٹ شائقین کے سامنے نہیں کھیل سکیں گے۔
’میں نے اپنے ڈاکٹر سے ملاقات کی جنھوں نے مجھے دو ہفتے تک مکمل آرام کا مشورہ دیا اور اس لیے بد قسمتی سے میں کراچی میں ہونے والے میچوں سے باہر ہو گیا ہوں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں اگلے سال پی ایس ایل کا حصہ بنوں اور پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں اپنا کردار ادا کروں۔‘
انھوں نے یہ امید بھی ظاہر کی ’لاہور قلندرز آخر تک کھیلے اور اس سال ٹرافی جیتے۔‘
خیال رہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم گذشتہ تین سیزن میں کوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی ہے تاہم اس برس اس کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور اس وقت سات میچوں کے بعد وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کے اختتام پر ابتدائی چار ٹیمیں ہی اگے مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔












