ایشین گیمز: کراٹے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

نرگس

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشن19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں یہ تمغہ حاصل کیا

انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والی 18ویں ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑی نرگس نے کراٹے کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔

18ویں ایشین گیمز میں پاکستان کا دوسرا کانسی کا تمغہ ہے، اس سے قبل پاکستان کی کبڈی کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں یہ تمغہ حاصل کیا۔

نرگس نے گذشتہ سال کولمبو میں منعقدہ ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

سنیچر کو کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں نیپال کی کارکی ریتا کو 3-1 سے شکست دی۔

اس سے قبل نرگس کو سیمی فائنل مقابلے میں چین کی گاؤ مینگمینگ سے 8-0 س شکست ہوئی تھی۔

68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری مقابلوں میں سونے کا تمغہ جاپان کی اوئیکوسا ایومی نے چین کی گاؤ مینگمینگ کو زیر کر کے حاصل کیا جبکہ کانسی کا دوسرا تمغہ اریان کی حمیدہ عباس علی نے حاصل کیا۔

اسی بارے میں مزید پڑھیں!

نرگس

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنکانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں نیپال کی کارکی ریتا کو 3-1 سے شکست دی

واضح رہے کہ ایشین گیمز میں چین اب تک 71 طلائی اور مجموعی طور پر 149 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ جاپان 108 تمغوں کے ساتھ دوسرے اور جنوبی کوریا 82 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

میزبان انڈونیشیا نے اب تک 38 تمغے حاصل کیے ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان نے اس سے قبل کبڈی میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جب اسے جنوبی کوریا سے سیمی فائنل میں شکست کے بعد کانسی کا تمغہ ملا۔