میچ کے بہانے پاکستانی فوج کا انڈیا پر طنز

انگلینڈ کے اوول میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی جیت پر جہاں پاکستان میں خوشی کا ماحول ہے وہیں دوسری طرف انڈیا میں اداسی چھائی ہوئی ہے۔

اور ایسے میں پاکستان کی فوج نے کرکٹ ٹیم کی اس جیت کے بہانے ہندوستان کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے میچ دیکھنے والے کرکٹ شائقین کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: 'یہ ہمارا بلوچستان ہے۔'

ٹویٹ کی گئی تصاویر میں لوگ پاکستان کی جیت کا جشن مناتے نظر آ رہے ہیں۔

فوج کے ترجمان نے مزید لکھا: 'جس کسی سے بھی اس کا تعلق ہو۔۔۔ دور رہیں۔'

اس پوسٹ کے تقریباً نصف گھنٹے بعد انھوں نے ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس کے ساتھ انھوں نے لکھا: 'اور یہ ہے۔۔۔ سری نگر!!'

اس ویڈیو میں چند افراد آتش بازی کرتے اور چیختے چلاتے نظر آ رہے ہیں، لیکن وہ کیا کہہ رہے ہیں یہ واضح طور سنائی نہیں دے رہا۔

اس ویڈیو کو ایک گھنٹہ قبل جےاینڈ نام کی ایک نیوز ویب سائٹ پوسٹ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال 15 اگست کو اپنے یوم آزادی کی تقریر میں بلوچستان کا ذکر کیا تھا۔

مودی نے کہا تھا کہ ان کا 'پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور بلوچستان کے لوگوں نے شکریہ ادا کیا ہے۔'

ایک جانب بلوچ رہنماؤں نے اس بیان کا خیر مقدم کیا تھا تو دوسری جانب پاکستان نے اس پر شدید ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

اس کے بعد گذشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنی تقریر میں بلوچستان کا مسئلہ اٹھایا تھا۔

ان کا کہنا تھا: 'پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ انڈیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ میں بس یہی کہوں گی کہ جن کے گھر شیشے کے ہوں وہ دوسروں پر پتھر نہیں پھینکتے۔ آپ دیکھیے بلوچستان میں کیا ہو رہا ہے۔'

پاکستان بلوچستان کے معاملے میں انڈیا کی مداخلت کی مذمت کرتا رہا ہے۔