106 سالہ انڈین دادی کے کھانوں کی دھوم

،ویڈیو کیپشن106 سالہ مستان اماں کے کھانے یو ٹیوب پر مقبول ہیں

ماں کے بعد نانی دادی کے ہاتھوں کے بنے کھانے کو لوگ اکثر بڑی رغبت سے یاد کیا کرتے ہیں۔

جبکہ کھانے کے شوقین نانی دادی کے زمانے کے کھانوں کے نسخوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ بعض تو بچپن کی یاد تازہ کرنے کے لیے اور بعض کھانے کے ذائقے کے لیے۔

یو ٹیوب پر ان دنوں ایک دادی کے ہاتھوں کے بنے کھانے کی دھوم مچ گئی ہے۔

یہ معمر خاتون 106 سال کی ہیں اور ان کا نام مستان اماں ہے۔ یو ٹیوب پر ان کے کھانے کے ویڈیوز دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

انڈیا کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے ایک گاؤں کی باشندہ مستان اماں کے پاس ان کی پیدائش کی کوئی سند تو نہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ ان کی عمر 106 سال ہے۔

مستانمما

،تصویر کا ذریعہYOU TUBE - COUNTRY FOODS

،تصویر کا کیپشنمستانمما کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 106 سال ہے اور ان کا تربوز چکن بہت مقبول ہے

دراصل ان کے باورچی خانے میں بننے والے کھانوں کے دیسی اور قدیمی نسخے ان دنوں یو ٹیوب پر خوب پسند کیے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ان کا باورچی خانہ کھلے آسمان کے نیچے ایک کھیت میں ہے جہاں وہ مٹی کے چولہے پر کھانا بناتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ وہ سبزیاں، دال، مچھلی، کیکڑے اور انڈے بناتی ہیں، لیکن ان کے کھانا بنانے کا طریقہ بالکل منفرد ہے۔

مستانمما

،تصویر کا ذریعہYOU TUBE - COUNTRY FOODS

،تصویر کا کیپشنمستانمما تربوز میں چکن پکانے کی کوشش کے ساتھ یہاں دیکھی جا سکتی ہیں

مستان اماں کا 'تربوز چکن' کافی مقبول ہے۔

ان کا یو ٹیوب چینل ان کے پڑپوتے اپنے دوست کے ساتھ چلاتے ہیں جس کے تین لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔

مستانمما

،تصویر کا ذریعہYOU TUBE - COUNTRY FOODS

،تصویر کا کیپشنانڈیا میں بہت سی جگہوں پر کیلے اور دوسرے پتوں پر کھانے کا اب بھی رواج ہے

کھیت میں کیلے کے پتوں پر کھانا کھلانے کا طریقہ مقامی ہے۔

انڈیا کی شاید سب سے معمر یوٹیوب سٹار کا مشورہ ہے: 'خوب پكائيے اور خوب کھائیے۔'