|
سرحد کا افسوس اور امن کمیٹیاں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کی کابینہ نے گزشتہ روز پشاور میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر چین سے دلی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے ان کو ہر حال میں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ کابینہ نے صوبہ بھر میں اضلاع، تحصیلوں اور تھانوں کی سطح پر امن کمیٹیوں کے قیام کی باقاعدہ منظوری دی اور تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فوری طور پر امن کمیٹیاں قائم کریں جن میں تمام سیاسی جماعتوں، جید علماء کرام اور عمائدین کو نمائندگی دی جائی گی۔ پیر کو پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات اور سرحد حکومت کے ترجمان آصف اقبال داودزئی نے بتایا کہ کابینہ نے تین چینی باشندوں کے قتل پر حکومت چین سے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی کی گئیں ہیں تاہم ان کے مطابق تاحال کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لال مسجد کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلی اکرم خان درانی کی کوششیں سب کے سامنے ہیں جن کی وجہ سے پہلے دن چودہ سو طلباء وطالبات باہر آگئے ورنہ حکومت پہلے ہی رات کمانڈو ایکشن کرنا چاہتی تھی۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ امن کمیٹیوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران، جید علماء اور عمائدین شامل ہونگے جن کا انتخاب مقامی انتظامیہ کریگی جبکہ تمام کمیٹیاں مہینے میں کم ازکم ایک مرتبہ اجلاس ضرور منعقد کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں آصف اقبال نے کہا کہ امام ڈھیری سوات کے مولانا فضل اللہ ایک مرتبہ پھر امن معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کے بعد گزشتہ روز وعدہ کرچکے ہیں کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کرینگے تاہم اگر انہوں نے پھر معاہدے کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ادھر پاکستان میں متعین چینی سفارت خانے کے ایک اعلی سفارت کار مسٹر ماؤ نے پیر کو پشاور کا دورہ کیا اور چینی باشندوں کے قتل کے حوالے سے اعلی پولیس اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بعد ازاں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں بتایا کہ وہ اب تک پولیس کی طرف سے کی گئی تفتیش سے مطمئن ہیں اور ایسے واقعات سے پاک چین دوستی متاثر نہیں ہوگی۔ | اسی بارے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پرتشویش 09 July, 2007 | پاکستان پشاور: تین چینی ہلاک، ایک زخمی08 July, 2007 | پاکستان لال مسجد: طلباء نے چینی اغوا کر لیے23 June, 2007 | پاکستان چینی صدر کا دورہ: توقعات اور امکانات23 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||