اقتصادی راہداری کے خلاف سازشوں سے آگاہ ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشنآرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ وہ چین پاک اقتصادی راہداری کے خلاف تمام سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعرات کو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم چین پاک اقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔‘

٭<link type="page"><caption> ’ امریکی ڈرون حملوں کی مذمت بہت چھوٹا لفظ ہے‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2016/06/160601_raheel_sharif_rwa" platform="highweb"/></link>

آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستانی قوم نے مسلح افواج کی قوت اور مہارت سے شدت پسندی کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاک فوج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔‘

انھوں نے بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں غیر متزلزل حمایت کرنے والے قبائل کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

جنرل راحیل شریف نے فاٹا میں بےگھر افراد کی بر وقت واپسی کے لیے کیے جانے والے بحالی اور آباد کاری کے کام کی رفتار اور معیار کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

خیال رہے کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر کے چیمبر میں بدھ کو میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ پاکستان کے پاس شدت پسندی کے خلاف جنگ میں ناکامی کا کوئی آپشن نہیں ہے اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو برقرار رکھنا بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کو اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے خاتمے کے بعد شدت پسند اس علاقے کا رخ نہیں کرسکیں گے۔