’پر امن اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنا ہے‘

،تصویر کا ذریعہAPP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مذموم کوشش کو مل کر ناکام بنایا جائے گا۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعرات کو فوج کے جنوبی کمان کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جڑ سے اکھاڑ کر باہر پھینک دیا جائے گا۔
فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف کو بلوچستان میں سیکورٹی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
پاکستان کی فوج کے سربراہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں اور غیر ملکی خفیہ اداروں کے نیٹ ورک کو توڑنے کی کوششوں کو سراہا۔
اس سے پہلے جنرل راحیل نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا۔
سٹاف کالج میں خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پرامن اور خوشحال پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے مزید کام کرنا ہے۔
آپریشن ضرب عضب کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آپریشن کے بعد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ملک بھر میں ’کومبنگ آپریشنز‘ کا سلسلہ جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فوج کے سربراہ نے کہاکہ پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جو کامیاب نتائج دیے وہ دنیا کی کسی بھی فوج نے نہیں دیے اسی لیے ایسی فوج کی قیادت پر ان کو فخر ہے۔
انھوں نے اس عزم کودہرایا کہ دنیا میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔







