’ریاستی تحویل میں آفتاب احمد کی ہلاکت ناقابل قبول‘

،تصویر کا ذریعہGetty

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے رینجرز کی حراست میں ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی ہلاکت کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

بلاول نے جمعرات کو ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’ریاستی تحویل میں آفتاب احمد پر تشدد اور ہلاکت قابل قبول نہیں ہے۔‘

ایک دن پہلے بدھ کو فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن آفتاب احمد پر دورانِ حراست مبینہ تشدد اور ہلاکت کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جبکہ رینجرز کے سربراہ نے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔

رینجرز کی جانب سے آفتاب احمد پر ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔

،تصویر کا ذریعہ Twitter

رینجرز کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ حرکت قبل بند ہو جانے سے ہلاک ہوئے جبکہ ایم کیو ایم نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی ہلاکت تشدد کے باعث ہوئی ہے۔

رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سندھ میں حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ان کی حکومت نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور وہ فوج کے سربراہ کی طرف سے اس کی تحقیقات کرانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو مشتبہ افراد کو 90 روز تحویل میں رکھنے کے اختیارات دیے گئے تھے۔