کوئٹہ میں فائرنگ سے پانچ شیعہ ہزارہ ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
فائرنگ کا یہ واقعہ اتوار کو کوئٹہ میں سرکلرر روڈ پر میزان چوک کے قریب پیش آیا۔
کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ میزان چوک پر واقع ایک دکان پر ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد جمع تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد وہاں آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔
اہلکار کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے دونوں افراد کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس واقعے کے بعد شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مرکزی علاقوں میں دکانیں بند ہوگئیں جبکہ علاقے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی۔
تاحال کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
کوئٹہ میں ایک وقفے کے بعد شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ہزارہ قبیلے کے ارکان کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ بھی اسی طرح کے ایک واقعے میں ہزارہ قیبلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔







