کوئٹہ میں ہزارہ برادری پر ایک اور مسلح حملہ

ایک روز قبل منگل کے دن بھی کوئٹہ شہر میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنایک روز قبل منگل کے دن بھی کوئٹہ شہر میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تشدد کے ایک واقعے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

تشدد کا یہ واقعہ بدھ کے روز کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر پیش آیا۔

کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ میکانگی روڈ پر ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے چار افراد کپڑے کی ایک دکان میں بیٹھے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد وہاں آئے اور دکان پر فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ان میں سے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

اس واقعے کے بعد شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور مرکزی علاقوں میں دکانیں بند ہوگئیں۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل منگل کو بھی کوئٹہ شہر میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے تھے۔

ایک روز قبل پیش آنے والے واقعات کے بعد شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کی بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے۔

دو روز کے دوران کوئٹہ شہر میں ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی پر آٹھ سو سے زائد موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہر میں مختلف چھاپوں کے دوران 60 سے زائد افراد کوگرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ شہر میں تشدد کے حالیہ واقعات کا سلسلہ تین روز قبل مسجد روڈ پر سّنی مسلک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی دکان پر فائرنگ سے شروع ہوا تھا۔

اب تک شہر میں تشدد کے واقعات میں مجموعی طور سات افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔