ایم کیو ایم کا کل بھی یومِ سوگ، ہڑتال مؤخر

،تصویر کا ذریعہMQM
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے صوبے سندھ میں حزب اختلاف کی جماعت ایم کیو ایم نے یوم سوگ میں کل تک توسیع کر دی ہے لیکن کل دی گئی ہڑتال کا کال موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں اتوار کو کاروبارِ زندگی معطل رہا ٹرانسپورٹ اور دوکانیں بند تھیں۔
ادھر پولیس کی حراست میں مرنے والے ایم کیو ایم کے کارکن سمیت چار کارکنوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کسی نے تعزیت نہیں کی ہے جس کی بنا پر سوگ کو جاری رہے گا۔
اس سے پہلے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کہ جانب سے اپنے کارکنوں کی ہلاکتوں کے خلاف سندھ کے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے لاشیں رکھ کر احتجاج کیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے ایک کارکن فراز کو کھوکھراپار تھانےمیں مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بناکر مار دیا گیا۔
حیدر عباس رضوی کے مطابق فراز کو اٹھائیس دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا مگر اس کی گرفتاری تین جنوری کو ظاہر کی گئی۔ انہیں سات جنوری کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم جج نے فراز کے جسم پر تشدد کے واضع نشانات ہونے کے باوجود اس کا دو روزہ ریمانڈ دے دیا جس کے بعد آج اس کی ہلاکت کی خبر آئی۔
تئیس سالہ فراز کی صرف ڈیڑھ سال پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور ان کا چھ ماہ کا ایک بیٹا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہMQM
حیدر عباس رضوی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ماڑی پور روڈ سے اغوا کیے گئے سات افراد میں سے چار کو چھوڑ دیا گیا اور تین کی لاشیں ملی ہیں جن میں سے ایک ان کا کارکن تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاپوش کے علاقے میں دو ڈاکٹرز ، اکبر علی اور یاور حسین کوقتل کیا گیا جن میں سے ایک ان کے ہمدرد تھے اور ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق یونین ناظم عبدالرؤوف کو بھی ہلاک کیا گیا ہے۔
حیدر عباس رضوی کے مطابق وہ ان چار افراد کی لاشیں وزیرِ اعلٰی ہاؤس کے سامنے رکھ کر احتجاج کررہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ایک عدالتی کمیشن قائم کیا جائے جو ان واقعات کی تحقیقات کرے۔

،تصویر کا ذریعہMQM
حیدر عباس رضوی نے پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات کو ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ پولیس تو اس معاملے میں خود ہی ایک فریق ہے۔
دوسری جانب پولیس کے حکام نے متعلقہ تھانے کے عملے کو معطل کرکے محکمانہ تحقیقات شروع کردیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے متعدد بار مظاہرین سے رابطہ ہوا تاہم مظاہرین بضد ہیں کہ وزیرِ اعلیٰ خود مذاکرات کے لیے آگے آئیں۔







