پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دعویٰ: ’ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی کا امکان‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کا کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کی وجہ سے خطے پر جنگ کے جو بادل منڈلانے لگے تھے پاکستان کی کوششوں سے چھٹ رہے ہیں۔
پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جو پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر تھے، بدھ کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا اوّلین مقصد یہ ہی تھا کہ خطہ مزید کسی تنازع کا شکار نہ ہو۔
سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی میں حالیہ اضافے کو کم کرنے کی غرض سے گزشتہ دو روز کے دوران پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی راہنماؤں اور اس کے بعد سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
14 ستمبر کو سعودی عرب کے بقیق اور خریص علاقوں میں قائم سعودی تیل کمپنی 'آرامکو' کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد ایران اور سعودی عرب کے مابین جاری کشیدگی اچانک سنگین صورت اختیار کر گئی تھی کیونکہ سعودی عرب اور امریکہ نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا، تاہم ایران نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔
ان حملوں میں دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ متاثر ہوا تھا اور خام تیل کی پیداوار بھی متاثر ہوئی تھی۔
سعودی عرب اور امریکہ دونوں ہی جون اور جولائی میں خلیج میں دو آئل ٹینکروں پر ہونے والے حملوں کا الزام بھی ایران پر عائد کرتے ہیں۔ تاہم تہران نے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency
ان واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ' خدا ناخواستہ حالات بگڑتے ہیں اور چپقلش ہوتی ہے تو اس سے صرف ایران اور سعودی عرب کا نقصان نہیں ہوگا بلکہ یہ پورا خطہ متاثر ہوگا۔ خطہ نہیں بلکہ ساری عالمی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔‘
'آپ نے دیکھا کہ ایک واقعہ ہوا جس سے ایک رات میں 19 فیصد خام تیل کی قیمت بڑھ گئی۔ تو اگر اس قسم کی کشیدگی جنم لیتی تو اس کا اثر یقیناً پاکستان پر بھی پڑنا تھا۔ تیل کی قیمت جب بڑھے گی تو اس کا اثر مہنگائی کی شکل میں ہر ملک پر پڑے گا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے پاکستانی وفد کی ملاقاتیں نہایت مفید رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ' ایران نے بڑی فراخدلی سے یہ کہا کہ وہ کشیدگی نہیں چاہتے۔ وہ معاملات کو سلجھانا چاہتے ہیں۔ وہ سعودی عرب سے کوئی عداوت نہیں رکھتے۔ اور وہ ڈائیلاگ کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ براہ راست بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں اور سہولت کاری کے ذریعے بات کرنے کو بھی تیار ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے کہا کہ ایران کی طرف سے مثبت رویہ کے پیش نظر وہ سعودی عرب گئے، 'ہم نے پاکستان کے نقطۂ نظر، خطے کی ضروریات اور ایران کے جذبات سے انھیں آگاہ کیا۔'
پاکستانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقاتیں بھی حوصلہ افزا رہیں اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ پرامن سفارت کاری کو ترجیح دی جائے گی اور غلط فہمیوں کو گفت و شنید کے ذریعے دور کیا جائے گا۔
جنگ یمن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے وہاں جنگ بندی کے جتنے امکانات آج ہیں پہلے کبھی نہیں تھے۔
مسئلہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں نے اس سلسلے میں پاکستان کے موقف کی تائید کا یقین دلایا ہے۔










