بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سکیورٹی فورسز پر حملہ، چار اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سیکورٹی فورسز پر ہونے والے ایک حملے کم از کم چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔
ضلع انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا کہ یہ حملہ ضلع کے علاقے گوران میں کیا گیا۔
اہلکار کے مطابق اس علاقے میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔
انھوں نے بتایا جب سکیورٹی فورسز کے اہلکار گوران کے علاقے میں پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے چار اہلکار ہلاک ہو گئے۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق اس واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پنجگور بلوچستان کا ایران سے متصل سرحدی ضلع ہے جس کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
انھوں نے ایک بیان میں اس واقعے کو بلوچستان اور اس کی ترقی کے خلاف سازش قرار دیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ تھا۔
گذشتہ روز لورالائی شہر میں مسلح افراد کے حملے میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار مارے گئے تھے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا جب سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد سلمان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر اتوار کی شب دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔
سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ’پہلے مرحلے‘ میں 20 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔











