|
بغداد: قبر سے چودہ لاشیں برآمد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک قبر سے چودہ افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں بظاہر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ کچھ افراد کی لاشوں کے معائنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کو آنکھوں پر پٹی چڑھا کر اور ان کے ہاتھ پشت کے پیچھے باندھ کرہلاک کیا گیا۔ ان کے سروں میں گولیاں لگنے کے نشان ہیں۔ یہ لاشیں ایک ویران پلاٹ میں ملی ہیں۔ دریں اثناء تیکرت میں ایک بم حملے میں سات پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے ایک ناکے پر ہونے والے اس حملے میں آٹھ سے لے کر پندرہ افراد کی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ عراق میں نئی حکومت کی حلف برداری کے بعد سے تشدد کی لہر جاری ہے۔ خبر رساں ایجنسی نے عراق کی وزارت داخلہ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ عراقی پولیس کو قبر کے بارے میں مقامی لوگوں نے اطلاع دی۔ اے ایف پی نے لکھا ہے کہ متعلقہ علاقے کے رہائشیوں نے حکام کو بتایا کہ بلڈوزر کے مدد سے کچھ لاشوں کو دفنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلڈوزر کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا لیکن اطلاعات کے مطابق ان میں سے کچھ نے عربی لباس پہنا ہوا تھا۔ وزارت داخلہ کے حکام کےمطابق ان افراد کو حال ہی میں ہلاک کیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||