http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 10 January, 2007, 07:59 GMT 12:59 PST

رشوت کیس:سپریم کورٹ کا فیصلہ

ہندوستان کی سپریم کورٹ نے رشوت کے عوض سوال پوچھنے کے معاملے میں ملوث گیارہ ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کے پارلیمنٹ کے فیصلے کو صحیح قرار دیا ہے۔

پارلیمنٹ سے خارج کیے جانے والوں میں ایک کا تعلق ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا سے تھا جبکہ باقی دس ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے رکن تھے۔

رشوت: گیارہ اراکین پارلیمنٹ برطرف

دسمبر 2005 میں کوبرا پوسٹ ڈاٹ کام نامی نیوز ویب سائٹ اور’ آج تک‘ نامی ایک نجی ٹی وی چینل نے پارلیمنٹ کے ان گیارہ ارکان کو سوال پوچھنے کے بدلے روپے وصول کرتے دکھایا تھا۔

تاہم برخاست کیے گئے اراکین نے سپریم کورٹ کا رخ کرتے ہوئے یہ درخواست پیش کی تھی کہ انہیں پارلیمنٹ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا گیا۔اس معاملے کی تفتیش کے لیے کانگریس کے ایک سینئر رکن پارلیمنٹ اے کے بنسل کی قیادت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

لیکن بدھ کے روز سپریم کورٹ نے برخاست کیے کانے والےاراکین کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

اس سکینڈ ل میں بی جے پی کے پانچ، بی ایس پی کے دو راشٹریہ جنتادل، بی ایس پی کا ایک اور کانگریس کے ایک رکن ملوث ہیں۔ لیکن اسکینڈل کے رونما ہونے کے بعد ان سبھی سیاسی جماعتوں نے ملوث ارکان پارلیمان کو پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔