’نواز الدین بالی وڈ کے اگلے سلمان خان ہوں گے‘

،تصویر کا ذریعہcrispy bollywood
بالی وڈ میں اداکار سلمان خان کی طرح بننے کی خواہش رکھنے والے اداکاروں کی تو کوئی کمی نہیں تاہم خود سلمان خان کی شخصیت ایسی ہے جو بہت کم لوگوں سے متاثر ہو پاتی ہے۔
لیکن آج کل سلمان خان پر اداکار نواز الدین صدیقی کا رنگ کچھ زیادہ ہی چڑھتا نظر آ رہا ہے۔
موقع تھا سہیل خان کی آنے والی فلم ’فریکی علی‘ کے ٹریلر لانچ کا جہاں سلمان نے صحافیوں سے بات چیت میں خود کو نواز اور نواز کو بالی وڈ کا اگلا سلمان خان بتا دیا۔
سلمان خان نے نواز الدین کو فلم انڈسٹری کاسب سے شائستہ اداکار بتاتے ہوئے انھیں ٹیلینٹیڈ (باصلاحیت) اداکار کا خطاب سے بھی نواز دیا۔
ہمیشہ قطرینہ کیف سے متعلق سوالوں سے بچنے کی کوشش کرنے والے سلمان خان نے اس موقع پر یہ بات تسلیم کی کہ قطرینہ اب بھی ان کی دوست ہیں اور وہ ہمیشہ دوست رہیں گی۔

فلم ’کک‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے نواز الدین جلد ہی سہیل خان کی فلم ’فریکی علی‘ میں نظر آئیں گے جو گولف کے کھیل پر مبنی ہے۔
اس فلم میں نواز الدین کے ساتھ ایمی جیكشن اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
نوازالدین صدیقی اور ایمی جیكشن کی فلم ’فریکی علی‘ اور قطرینہ کیف کی کی فلم ’بار بار دیکھو‘ باکس آفس پر ایک ہی ساتھ آئندہ ماہ 9 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سلمان خان کے مطابق دونوں ہی فلمیں مختلف قسم کی ہیں اور باکس آفس پر دونوں فلموں کو ناظرین ضرور پسند کریں گے۔







