’خاتون سے نامناسب رویہ‘، اداکار نواز الدین پر مقدمہ

بالی وڈ کے اداکار نواز الدين صدیقی کے خلاف ایک خاتون کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ ایف آئی آر ممبئی کے وارسوا پولیس تھانے میں درج کی گئی ہے۔
متاثرہ خاتون اسی ہاؤسنگ سوسائٹی میں رہتی ہیں جس میں نواز الدین بھی رہائش پذیر ہیں۔
انھوں نے شکایت کی ہے کہ پاركنگ کی جگہ کے تنازع کے دوران نواز الدین نے ان سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تھانے میں موجود ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ’یہ شکایت اتوار کی شام درج کرائی گئی، اداکار نواز الدین صدیقی کے خلاف دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک خاتون نے وارسوا پولیس سٹیشن میں شکایت کی کہ نواز نے پارکنگ کی جگہ کے تنازع پر انھیں دھکے دیے اور نامناسب رویہ اختیار کیا۔
نواز الدین اور متاثرہ خاتون ایک ہی ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی ہیں اور خاتون کا دعویٰ ہے کہ نواز، ان کے بھائی اور ملازموں نے اتوار کی دوپہر ان کی 24 سالہ بیٹی سے بدتمیزی کی۔
شکایت کنندہ خاتون نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے پورے پارکنگ ایریا پر قبضہ کی وجہ سے پڑوسیوں کو ایک سال قبل یہاں رہائش اختیار کرنے والے نواز الدین سے اختلاف ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب اے این آئی نے اپنی ٹویٹ میں نواز کے بھائی فیض صدیقی کے حوالے سے ایک خاتون کو دھکے دینے کے الزام کو جھوٹ قرار دیا ہے۔







