سلمان مداحوں کے شکرگزار اور رنبیر کا اقرار

ناقدین کا کہنا ہے کہ فلم پیکو باپ بیٹی کے رشتے پر مشتمل ایک مزاحیہ فلم ہے

،تصویر کا ذریعہ Every Media PR

،تصویر کا کیپشنناقدین کا کہنا ہے کہ فلم پیکو باپ بیٹی کے رشتے پر مشتمل ایک مزاحیہ فلم ہے

پیکو: زندگی سے قریب فلم

فلم پیکو گذشتہ روز جمعے کو ریلیز ہوئی جسے ہر جانب سے پزیرائی مل رہی ہے۔

اس فلم میں امیتابھ بچن اور دیپکا پاڈوکون کے علاوہ عرفان خان بھی ہیں جن کی اداکاری کی فلم ناقد نمرتا جوشی نے بہت تعریف کی ہے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/05/150509_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

وہ کہتی ہیں کہ فلم باپ بیٹی کے رشتے پر مبنی ہے جو ایک بڑے خاندان پر محیط ہے اور زندگی سے بہت قریب ہے۔

نمرتا کہتی ہیں کہ ’اس فلم میں تینوں اداکاروں اپنے کردار بخوبی نبھائے اور عرفان خان کی ٹائمنگ زبردست ہے۔‘

اس فلم کے ڈائیلاگ بھی بہت مقبول ہو رہے ہیں مثلاً امیتابھ بچن کہتے ہیں کہ ’انسان کا ایموشن اس کے موشن کے ساتھ جڑا ہے‘ جبکہ عرفان خان حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں ’کمال ہے آپ ہر بات کو پیٹ سے کیسے جوڑ دیتے ہیں؟‘

نمرتا کے مطابق ’اس میں کوئی میلو ڈرامہ نہیں ہے بس آپ کی اور ہماری زندگی سے جوہی چترویدی نے ایک کہانی بنا دی ہے۔‘

فلم ناقد مینک شیکھر کے مطابق یہ فلم خاندانی مسائل پر سچی کامیڈی ہے اور اس طرح کے غیر روایتی موضوعات پر طنز کرنے والی فلمیں امریکہ میں نظر آتی ہیں۔

مثال کے طور پر انھوں نے ’لٹل مس سن شائن‘ اور ’مائی بگ فیٹ گیک ویڈنگ‘ کا نام لیا۔

سلمان بغیر اجازت بیرون ملک نہیں جا سکتے

سلمان خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو اس آزمائش کے دور میں ان کے ساتھ تھے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو اس آزمائش کے دور میں ان کے ساتھ تھے

گذشتہ ہفتہ بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کے لیے کشمکش سے پر ایک انتہائی ہیجان انگیز ہفتہ رہا۔

پہلے ان کو ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے مجرم قرار دیا پھر پانچ سال قید کی سزا سنائی انھیں حراست میں لیا گیا اور پھر فوری طور پر ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہائی ملی۔

ہائی کورٹ میں یہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان کی سزا کو دوسرے فیصلے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ضمانت کے لیے سلمان خان عدالت گئے اور شام تک ان کے گھر کے باہر ان کے مداحوں کا بڑا مجمع لگ گیا۔ سلمان خان اپنے اہل خانہ کے ساتھ بالکنی پر آئے اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

کورٹ کے فیصلے کے بعد سلمان خان کو اب حراست میں نہیں لیا جائے گا اور وہ باہر رہ کر اپنا مقدمہ لڑ سکتے ہیں۔

سرکاری وکیل پردیپ گھرات نے بتایا کہ سلمان کو 30 ہزار روپے کے مچلكے پر ضمانت دی گئی ہے اور ان کے بیرون ملک جانے پر عدالت نے فی الحال پابندی لگا دی ہے۔

انھیں اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرنا ہوگا اور عدالت کی اجازت کے بعد ہی بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

رنبیر کھلنے لگے ہیں

بامبے ویلویٹ میں رنبیر کپور کے ساتھ انوشکا شرما ہیں

،تصویر کا ذریعہFOX PR

،تصویر کا کیپشنبامبے ویلویٹ میں رنبیر کپور کے ساتھ انوشکا شرما ہیں

بالی وڈ اداکار رنبیر کپور ابھی تک قطرینہ کیف کے ساتھ اپنے رشتے کے بارے میں کچھ بھی کہنے کے متعلق بہت محتاط رہتے آئے ہیں۔

بعض اوقات جب ان سے سوال پوچھا گیا ہے تو وہ یا تو ٹال گئے یا جھلا گئے یا پھر وہاں سے اٹھ کے چلے گئے۔

لیکن حال ہی میں اپنی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ کے پروموشن پر انوشکا شرما کے ساتھ وہ اس بارے میں ذرا کھل کے سامنے آئے۔

کسی نے ان سے قطرینہ کیف کے ساتھ ’روکا‘ یا منگنی کی خبر کے بارے میں پوچھا تو ان سے پہلے انوشکا بول پڑیں کہ ان کا ’کوئی روکا ووکا نہیں ہو رہا ہے۔‘

یہ جہاں ایک بیان تھا وہیں رنبیر کے لیے چیلنج بھی تھا اور پھر رنبیر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’دیکھیے روکا تو والدین اور رشتہ داروں کی جانب سے طے شادیوں میں ہوا کرتا ہے کہ یہ لڑکی ہے اسے ہم نے پسند کر لیا ہے اور اب اسے کوئی اور نہیں دیکھے گا اس کا روکا ہو چکا ہے۔ لیکن آپ کو تو معلوم ہی ہے ہمارے معاملے میں ایسا نہیں ہے۔‘

اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ رنبیر کپور نے منگنی کی خبر کو ٹالتے ہوئے محبت کی بات کو بالواسطہ ڈھنگ سے قبول کر لیا ہے۔

آر مادھون کی مشکلات

اس فلم کا پہلا سیکوئل بہت پسند کیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہEros

،تصویر کا کیپشناس فلم کا پہلا سیکوئل بہت پسند کیا گیا تھا

فلم ’تنو ویڈز منو‘ کا سیکوئل ابھی سینیما ہال کی زینت تو نہیں بنا لیکن بالی وڈ میں اس کے بارے میں بہت ساری باتیں ہو رہی ہیں بطور خاص کنگنا کے زیادہ مضبوط کردار کے متعلق۔

لیکن پہلی فلم کی طرح اس فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے آر مادھون اپنے کردار کی اہمیت کا بیان کرنے میں کہیں پیچھے نظر نہیں آ رہے ہیں۔

انھوں نے حال ہی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں ان کردار انتہائی مشکل ہے۔

انھوں نے کہا: ’یہ کردار میرے لیے بہت بہت مشکل تھا کیونکہ اس سے قبل میں نے اپنی فلم ’سالا کھڑوس کے لیے شوٹنگ کی تھی اور میرا جسم اس کے لیے پہلوان کا بنا ہوا تھا اور دو ہفتے میں اس فلم میں دبلا پتلا ہو کر بے چارہ نظر آنا بہت مشکل امر تھا۔‘

انھوں نے کہا: ’چار سال قبل ہم نے جس کردار کو نبھایا تھا اس کے مدنظر اس کردار کو نبھانا ایک مشکل مرحلہ تھا۔‘